دنیا کی تاریخ کی مہنگی ترین گالی، اوباما کو گالی نکالنے کے بعد ایسا کام ہوگیا کہ فلپائن کے صدر نے کبھی تصور بھی نہ کیا ہوگا
منیلا(مانیٹرنگ ڈیسک) فلپائن کے صدر روڈریگوڈوٹرٹے کو امریکی صدر باراک اوباما کی بے عزتی کرنا بہت مہنگا پڑ گیا ہے کیونکہ فلپائنی سٹاک مارکیٹ کو اس بے عزتی کی قیمت کروڑوں ڈالرز میں چکانی پڑ رہی ہے۔ برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق روڈریگو کے باراک اوباما کو گالی دینے اور توہین کرنے کے بیان کے بعد سے فلپائنی سٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کا عمل جاری ہے اور اس کی تنزلی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار بڑی مقدار میں اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ فلپائنی صدر کے بیان سے غیرملکی سرمایہ کاروں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی ہے جس کی وجہ سے وہ فلپائنی سٹاک مارکیٹ سے اپنا سرمایہ نکال رہے ہیں۔ فلپائنی سٹاک ایکس چینج انڈیکس 1.3فیصد کمی کے ساتھ 7ہزار 619پوائنٹ پر آ گیا ہے جو گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران گراوٹ کا ریکارڈ ہے۔رواں سال گیج میں 9.6فیصد اضافہ ہوا تھا جو روڈریگو کے بیان کے بعد 15ماہ کی بلند ترین سطح سے 6فیصد نیچے آ گئی ہے۔فلپائنی سٹاک مارکیٹ سے غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد اٹھنے کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف گزشتہ بدھ کے روزانہوں نے اپنا 5کروڑ 80لاکھ ڈالر(تقریباً6ارب روپے)سرمایہ واپس نکالا۔ روڈریگو کے بیان کے بعد سے اب تک غیرملکی سرمایہ کار فلپائنی مارکیٹ سے 33کروڑ 30لاکھ ڈالر(تقریباً 34ارب روپے) واپس نکال چکے ہیں۔ واضح رہے کہ فلپائنی صدر روڈریگو نے برسراقتدار آنے کے بعدسے ملک میں منشیات فروشوں کے خلاف ایک آپریشن شروع کر رکھا ہے اور کسی بھی منشیات بیچنے، خریدنے یا استعمال کرنے والے کو موقع پر گولی مارنے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ اس آپریشن میں اب تک 2400لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا چکا ہے۔
امریکی صدر گزشتہ دنوں فلپائن کے دورے پر جانے والے تھے اور بیان سامنے آیا تھا کہ وہ روڈریگو سے ان ہلاکتوں کے متعلق بھی بات کریں گے۔ اس پر مشتعل ہو کر روڈریگو نے امریکی صدر کو ”طوائف کا بیٹا“ کہہ ڈالا اور کہا کہ ہم اپنا یہ آپریشن بند نہیں کریں گے۔اس پر امریکی صدر نے اپنا دورہ فلپائن منسوخ کر دیا تھا۔ روڈریگو عالمی دباﺅ کے باوجود اپنے الفاظ واپس لینے اور معافی مانگنے سے انکار کر چکے ہیں۔