خیبر پختونخوا حکومت اندرونی آڈٹ کرانے والی پہلی صوبائی حکومت بن گئی ،خود کو احتساب کے لئے پیش کرتا ہوں : وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ
پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ خیبر پختوپختوا حکومت سرکاری مشینری میں خوداحتسابی اور شفافیت لانے کیلئے اندرونی آڈٹ کا بڑا قدم اٹھانے میں بھی ملک کی پہلی صوبائی حکومت بن گئی ہے،بہتر طرز حکمرانی اور عوامی خدمت کا نظام موثر بنانے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں،خود کو اوراپنے محکمے کو مواخذے اور احتساب کیلئے پیش کرتا ہوں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخواکے 11 بڑے محکموں میں اندرونی آڈٹ کا یہ نظام متعارف کرانے کیلئے منعقدہ ’’تربیتی ورکشاپ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے انٹرنل آڈٹ کا نیا طریقہ کار اس جانب اہم پیشرفت ہے، صوبائی حکومت کرپشن اور اقرباء پروری کیلئے آنکھیں بند کرنے اور محض سابقہ حکومتوں کو موردالزام ٹہرانے کی بجائے بذات خود شفافیت اور خود احتسابی کی اعلیٰ مثالیں قائم کریگی۔
مزید پڑھیں ،عمران خان ملکی امن تباہ کررہا ہے مقدمہ درج کیا جائے ،سیشن کورٹ نے رپورٹ طلب کرلی
انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنی وزارت محکمہ خزانہ کے حوالے سے خود کو اوراپنے محکمے کو مواخذے اور احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں، موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی بدولت صوبائی محکموں کی کارکردگی بدرجہا بہتر ہوئی ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی اطمینان بخش انداز میں آگے بڑھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اداروں میں سو فیصد شفافیت یقینی بنانے کیلئے ابتدائی مرحلے میں11 بڑے محکموں کے انٹرنل آڈٹ سیلز میں 29مستقل ٹیکنکل افراد کا تقرر کیا گیا ہے، اسی طرح محکمہ خزانہ میں صوبائی انٹرنل آڈٹ سیل بھی قائم کیا گیا ہے جو ان تمام سیلز کی نگرانی و رہنمائی کرے گاانہوں نے امید ظاہر کی کہ وقت کے ساتھ اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور صوبے میں قانون اور میرٹ کا بول بالا ہوگا۔