پنجاب کی پولیس کو غیرسیاسی بنائیں گے ، کفایت شعاری مہم کو بیوروکریسی اور افسر شاہی تک لے جایاجائے گا:فیاض الحسن چوہان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کی پولیس کو غیرسیاسی بنانا ہے،پولیس کوغیرسیاسی بنانے کیلئے کابینہ اجلاس میں فیصلے کیے گئے،پنجاب پولیس کے حوالے سے پولیس اصلاحات کمیشن قائم کیا جائےگا،ناصر خان درانی پولیس اصلاحات کمیشن کے چیئرمین ہونگے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کفایت شعاری کی مہم کو بیوروکریسی اور افسر شاہی تک بھی لایاجائے گا،افسران کے زیراستعمال گاڑیوں کی تفصیل بھی سامنے لائی جائےگی، سینئر وزیرعبدالعلیم خان کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے،یہ کمیٹی چیک کرےگی کہ افسران کے پاس کتنی گاڑیاں ہیں،کروڑوں مالیت کی غیرضروری گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پاور پراجیکٹس پر بریفنگ لی گئی، گزشتہ حکومت کی کرپشن کی وجہ سے پاور پراجیکٹس سفیدہاتھی بنے ہوئے ہیں ، معا شی مسائل اتنے ہیں کہ کابینہ 6 گھنٹے تک سوچ و بچارکرتی رہی ،یہ تمام مسائل گزشتہ حکومت کے مسلط کردہ ہیں، گزشتہ حکومت کے اچھے پرا جیکٹس کو جاری رکھا جائے گا،گزشتہ حکومت کی طرح نہیں کرینگے کہ جوپراجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں انکوبندکردیں،پی کے ایل آئی پراجیکٹ پر کروڑوں روپے خرچ کیے جاچکے ہیں ،پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ پراجیکٹ کو جاری رکھا جائے گا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کے پی سے زیادہ بہتر ضلعی حکومت کا نظام پنجاب میں لائیں گے،خیبرپختونخوا میں ضلعی حکومت کا سسٹم ہے باقی کسی صوبے میں نہیں،ہم تمام صوبوں میں ضلعی حکومتوں کا نظام لائیں گے،ایک بات طے ہے کہ ہم نے نیا بلدیاتی نظام بنانا ہے، ہم ضلعی حکومتوں کا وہ نظام لیکر آئیں گے جن کے پاس اختیار بھی ہوگا،علیم خان بلدیاتی نظام پرکام کررہے ہیں جس کاقانون اسمبلی سے پاس کرایاجائیگا،بجلی،پانی کے مسئلے کوحل کرنے کیلئے ڈیم بناؤتحریک شروع کی ہے۔