ایم ایم عالم ر وڈ پر پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ، بلڈنگ کلیئر قرار ، چھلانگ لگانے والا شخص ہسپتال میں چل بسا

ایم ایم عالم ر وڈ پر پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ، بلڈنگ کلیئر ...
ایم ایم عالم ر وڈ پر پلازہ میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ، بلڈنگ کلیئر قرار ، چھلانگ لگانے والا شخص ہسپتال میں چل بسا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کی مصروف اور پوش ترین شاہراہ  ایم ایم روڈ عالم روڈ پر واقع پلازہ’’علی ٹاور‘‘ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ، ریسکیو 1122نے پلازہ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر عمارت کو کلیئر قرار دیدیا ، آگ لگنے کے باعث پلازے میں بھگدڑ مچ گئی،جانیں بچانے کیلئے کئی افراد نے چھلانگیں لگادیں،جان بچانے کیلئے پلازے سے چھلانگ لگانے والا   شخص ہسپتال میں چل بسا،جس پلازے میں آگ لگی وہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کی ملکیت ہے۔

تفصیلات کےمطابق لاہور کی مصروف ترین شاہراہ ایم ایم عالم روڈ پر واقع پلازے ’’علی ٹاور‘‘کے تہہ خانے میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بالائی منازل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،ایم ایم عالم روڈ پر واقع کثیر المنزلہ شاپنگ سنٹر میں آگ لگنے سے تاجروں سمیت خریداری کیلئے آئے ہوئے کئی افرادپلازے میں پھنس گئے تھے ،شاپنگ سنٹر میں پھنسے ہوئے لوگ جانیں بچانے کیلئے پلازے کی کھڑکیوں اور دیواروں کے ساتھ لٹکے رہے ،پلازے میں موجود عمران نامی شخص رسی کی مدد سے جان بچانے کی کوشش میں پلازے کی پانچویں منزل سے گرکر زخمی ہوگیا جس کو فوری ہسپتال منتقل کردیا گیالیکن وہ جانبر نہ ہوسکا جبکہ ہسپتال میں دیگر  سات زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔ فائر بریگیڈ کی سات سے زائد گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر  دو گھنٹے کی سخت جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جبکہ ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے اور پلازے کی اوپر والی منزلوں پر پھنسے ہوئے لوگوں کونکالنے کیلئے موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے عمارت میں پھنسے افراد کو بحفاظت نکال لیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آگ بجھانے کیلئے تمام امدادی اداروں کو وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی جبکہ  آگ لگنے کی اطلاع ملنے پرصوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پالیاہے ،تمام افراد کوبحفاظت نکال لیا گیاہے اور پلازے میں اس وقت کوئی شخص موجود نہیں ہے ۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں اس سے قبل بھی ایل ڈی اے پلازہ میں آتشزدگی کا در دناک واقع وقوع پذیر ہوچکاہے جس کی وجہ سے کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ ایل ڈی پلاز ہ میں آتشزدگی کے باعث قیمتی ریکارڈ بھی جل گیا تھا، اس سلسلے میں بعد میں تحقیقات بھی ہوئیں لیکن حقائق آج تک منظر عام پر نہیں آ سکے۔واضح رہے کہ ’’علی ٹاور ‘‘ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کا ہے، اس پلازے میں صاف پانی پراجیکٹ کا آفس بھی تھا جس کیخلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں۔خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صاف پانی پراجیکٹ کیس کا ریکارڈ اس آتشزدگی میں جل کر راکھ ہو گیا ہے۔

مزید : Breaking News /قومی /اہم خبریں