بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے:میر واعظ عمر فاروق

بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ...
بھارت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے:میر واعظ عمر فاروق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت حق پر مبنی کشمیر یوں کی تحریک کو دبانے اور جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے لیے گزشتہ ستر برس سے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال اور نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادوں ناکام رہا ۔ 
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بارے میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈؤل کا حالیہ بیان نہ صرف بھارتی تکبر کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ تاریخی حقائق، مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال ، جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی بھی ہے۔ ڈؤل نے کہاتھا کہ جموں وکشمیر کے لیے علیحدہ آئین ایک غلطی تھا۔ میر واعظ عمرفاروق نے کہا کہ بھارت غیر کشمیریوں کو جموں وکشمیر میں بسا کر یہاں کے مسلم اکثریتی تشخص کو ختم کرنا چاہتا ہے اوراس مذموم مقصد کے حصول کے لئے وہ عدالتوں کا استعمال کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کرنے کی ضرورت ہے۔ 
حریت فورم کے چیئرمین نے کہا کہ کشمیر اسی حق خود ارادیت کیلئے برسرمزاحمت ہیں جس کا ان سے بین الاقوامی سطح پر وعدہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی اہمیت و افادیت آج بھی اسی طرح سے قائم اور برقرار ہے جس طرح سے کئی دہائیوں قبل تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ان قرار دادں پر عمل درآمد کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہوتے تو مقبوضہ علاقے میں قتل و غارت کا سلسلہ رواں نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم وجبر کے ذریعے کشمیریوں کی خواہشات کو ہرگز دبا نہیں سکتا کیونکہ ان کی جدوجہد حق پر مبنی اور بے شمار قربانیوں سے مزین ہے اور انہیں یقین اور بھروسہ ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں کامیاب ہونگے۔