گگلی جادوگر باؤلر عبدالقادر کا انتقال!

گگلی جادوگر باؤلر عبدالقادر کا انتقال!

گزشتہ دو تین روز سے مسلسل اہم شخصیات دُنیا سے عدم کی طرف روانہ ہو گئیں،عابد علی اور پروین سکندر گل کی اموات کے بعد اب معروف کرکٹر عبدالقادر کی وفات کی اطلاع سے چاہنے والوں کو صدمہ پہنچا ہے۔ عبدالقادر جو گگلی ماسٹر کہلاتے اور یہ گگلی بھی انہی کی ایجاد تھی کہ خود لیگ سپنر تھے اور انہوں نے اسی دوران جھانسہ دے کر آف بریک کرانے والی گیند ایجاد کر لی جسے گگلی کہا جاتا ہے، عبدالقادر نہ صرف بطور لیگ سپنر جادوگر تسلیم کئے گئے،بلکہ ان کی گگلی نے بڑے بڑے بیٹسمینوں کو چکرا دیا تھا، وہ بڑے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے اور عزت کمائی۔عبدالقادر دھرم پورہ(میاں میر) کے رہائشی اور شہر دار تھے اور گفتگو میں بے باک بھی،وہ کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر بھی رہے اور بعد میں ناقد،تنقید بھی مثبت انداز میں کرتے تھے۔اُن کے صاحبزادے کے مطابق اُن کو دِل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا اور وہ گھر سے ہسپتال لے جاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔مرحوم عبدالقادر ریٹائرمنٹ کے بعد اکیڈمی بھی چلا رہے تھے، معروف کرکٹر عمر اکمل اُن کے داماد ہیں،بیوہ کے علاوہ چھ بچے پسماندگان میں ہیں، عبدالقادر کی بے باک گفتگو اُن کی اولاد کی راہ میں رکاوٹ بنی اور اُن کے ایک صاحبزادے اچھے سپنر ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ میں اپنا مقام نہ بنا سکے اور آسٹریلیا جا کر قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ عبدالقادر کی وفات پر اپنے پرایوں نے سخت افسوس اور دُکھ کا اظہار کیا ہے، یہ دُکھ کا مقام ہے کہ ایسے کھلاڑی تو وطن میں پیدا ہوئے تاہم ہم اُن کے متبادل تلاش نہ کر سکے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید : رائے /اداریہ


loading...