اکتوبرمیں میچ فکسنگ اور بال ٹیمپرنگ کے ماہر کوامپائر سمیت ہوم گراؤنڈ پرفالوآن کا شکارکریں گے:حافظ حسین احمد
کوئٹہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)جمعیت علمائے اسلام کےسینئر رہنما حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اکتوبرمیں میچ فکسنگ اور بال ٹیمپرنگ کے ماہر کوامپائر سمیت ہوم گراؤنڈ پرفالوآن کا شکارکریں گے، آزادی مارچ کی حمایت نہ صرف پاکستان کے آزاد منش عوام بلکہ پابند سلاسل ”قیدی“ بھی کررہے ہیں، کرپشن کے خلاف چیخ و پکار کرنے والوں نے قومی خزانے کو 300 ارب کا ٹیکہ لگادیا، صدر مملکت کس کے ”ممنون“ ہیں جس کے کہنے پر عوام کے 300ارب معاف کئے گئے؟۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمدنے کہاکہ صدر مملکت عارف علوی آخر کس کے ”ممنون“ ہیں جس کے کہنے پر عوام کے 300ارب روپے معاف کئے، اب جبکہ وہ حسب روایت و عادت ”یوٹرن“ لے چکے اورمعاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے ہم عدالت عظمیٰ سے بصد ادب گذارش کرتے ہیں کہ وہ بلوچستان کے ان تمام پسماندہ اضلاع کوجو اب تک صوبہ سے نکلنے والی گیس سے محروم ہیں فوری طور پر ان 300 ارب سے گیس فراہم کرنے کے احکامات جاری فرمائیں، سوئی سے 65سال قبل نکلنے والی گیس سے آج تک صوبہ کے مظلوم عوام محروم ہیں اور جب آئین کے تحت حقوق کے لیے آوازاٹھائی جاتی ہے تو ان کو غدار قرار دیاجاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم نے جہانگیر ترین جس کوسپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا کو 70ارب روپے معاف کرکے ثابت کردیا کہ کرپشن کے خلاف ان کی چیخ وپکار محض ایک دھوکا ہے، اگر لاڈلے کو مزید چھوٹ دی گئی تو ملک کوناقابل تلافی نقصان ہوگا جس کاازالہ شاید ممکن نہ ہو اس لیے جمعیت علماء اسلام نے اپنے پروگرام اور فیصلے کے تحت اکتوبر میں عوام کو اس لائی گئی مصیبت سے آزادی دلانے کے لیے میدان میں اترنے کافیصلہ کیاہے،یہ وقت بتائے گا کہ مصنوعی اور خلائی بل بوتے پر آنے والے کیسے جاتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میچ فکسنگ اوربال ٹیمپرنگ کے ماہر نے 25 جولائی 2018میں امپائر کو ساتھ ملایا اور اس کی انگلی کا سہارا لیا لیکن اب ہوم گراؤنڈ، امپائر اوردیگر حربوں کے باوجود لاڈلا فالو آن کی طرف ہی جائے گا۔