چٹ پٹے پکوان

چٹ پٹے پکوان

  

رمیشہ الحق ہاشمی

دہی ملے بینگن

اشیاء

بینگن  آدھا کلو

گھی  ڈیڑھ پاؤ

دہی  آدھا کلو

 سرخ مرچ  دو چائے کے چمچ

 لہسن پیسٹ  دو چائے کے چمچ

  ادرک پیسٹ  دو چائے کے چمچ

 نمک  حسب ِ ذائقہ

 گرم مصالحہ  حسب ِ ضرورت

ترکیب:

تمام مصالحے پیس کر دہی میں ملا دیں۔ بینگن کے قتلوں کو دہی میں ڈبو دیں۔ کڑاہی میں گھی گرم کر کے قتلوں کو تل لیں۔ دہی بینگن تیار ہیں۔

٭٭٭٭٭

بند گوبھی کی ترکاری

اشیاء

بند گوبھی  تین پاؤ

 گھی  دو بڑے چمچ

پیاز ایک عدد(باریک کرلیں)

 ادرک  ایک انچ کا ٹکڑا (کاٹ لیں)

 ہلدی ایک چائے کا چمچہ

 نمک  حسب ِ ذائقہ

 مرچیں   حسب ِ منشاء

 گرم مصالحہ  ایک چائے کا چمچہ

 لیموں کا رس ایک عدد

 جائفل، جاوتری  چٹکی بھر،

ترکیب:

گوبھی کو دھو کر باریک کاٹ لیں ایک سخت اور سفید گوبھی بھی زیادہ مزا دے گی گھی گرم کریں اور گوبھی، پیاز اور ادرک ڈال کر بھونیں۔ اس میں ہلدی، نمک، مرچیں بھی شامل کریں۔ چند منٹ بھونتی رہیں پھر ڈھکن ڈھانپ دیں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔ سبزی نرم ہو جائے تو آگ تیز کر دیں اور سبزی کا بقیہ پانی بھی خشک کر دیں۔ آخر میں گرم مصالحہ، لیموں کا  رس اور جائفل اور جاوتری چھڑکیں۔

٭٭٭٭٭

ناریل گوشت

اشیاء

گوشت  آدھا کلو

 ناریل  ایک عددپسی ہوئی

ادرک ایک چمچہ

املی ایک چھٹانک

پیاز  تین عدد

 گھی ایک پیالی

 پسا ہوا لہسن  ایک چمچہ

ہری مرچ  پانچ عدد

 ہرا دھنیا  آدھی گٹھی

 نمک  حسب ِ ذائقہ

 سرخ مرچ  حسب ِ ذائقہ

 ہلدی  ایک چمچہ

 کچا پپیتہ  ایک چمچہ

 گرم مصالحہ  حسب ِ پسند

ترکیب:

سب سے پہلے گوشت دھو کر پپیتہ، ادرک، لہسن اور ہلدی لگا کر رکھ دیں، آدھا گھنٹہ کے لئے پھر ایک دیگچی میں گھی گرم کر کے اور پیاز باریک کاٹ کر سنہری تل لیں۔ اب مصالحہ لگا کر گوشت سنہری پیاز میں ڈال دیں۔ ساتھ ہی ڈیڑھ پیالی پانی ڈال دیں۔ پانی میں ابال آجائے تو آنچ دھیمی کر دیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک گوشت کو دھیمی آنچ پر پکنے دیں تاکہ گوشت گل جائے۔ اب املی کو تھوڑی دیر بھگو کر رس نکال لیں اور گوشت میں شامل کریں۔ جب گوشت پوری طرح گل جائے تو ناریل پیس کر اس میں شامل کر دیں اور خوب بھونیں۔ جب گوشت گھی چھوڑ دے تو اگر مناسب سمجھیں تو تھوڑا سا شوربہ کر لیں۔ ابال آنے پر آنچ دھیمی کر لیں۔ ہرا دھنیا، پودینہ باریک کاٹ کر ہانڈی میں ڈال دیں۔ ہانڈی کو پانچ منٹ تک دھیمی آنچ پر رکھا رہنے دیں۔ پھر اتار لیں اور گرم مصالحہ چھڑک دیں۔ لذیذ گوشت تیار ہے۔

اب تناول فرمائیں۔

٭٭٭٭٭

مزید :

ایڈیشن 1 -