وزیراعلٰی پنجاب کا ریسکیو 1122سروس تحصیل او ر موٹر بائیک کا دائرہ ضلع تک بڑھانے کا اعلان 

  وزیراعلٰی پنجاب کا ریسکیو 1122سروس تحصیل او ر موٹر بائیک کا دائرہ ضلع تک ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہربنس پورہ رنگ روڈکے قریب ریسکیو1122سٹیشن کا افتتاح کیا- وزیر اعلی عثمان بزدار نے دیگر  علاقوں میں قائم ریسکیو 1122 کے 5 سٹیشن کا بھی افتتاح کیا-ہربنس پورہ کے ساتھ دیگر سٹیشن شادباغ،اندرون شہر،مراکہ اور کوٹ عبدالمالک میں قائم کئے گئے ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے ریسکیو1122 سٹیشن کی نقاب کشائی کی اور ریسکیو1122 سٹیشن کا دورہ کیا-وزیراعلی عثمان بزدار نے ریسکیو کے عملے کی جانب سے ریسکیو کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا-وزیراعلی عثمان بزدار نے فائر بریگیڈ کی گاڑی اور ایمبولینس کا معائنہ بھی کیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے ہربنس پورہ میں ریسکیو1122 سٹیشن سمیت لاہور میں پانچ نئے ریسکیوسٹیشن کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122 کا ادارہ قابل فخر کام سرانجام دے رہاہے - ریسکیو1122 پنجاب حکومت کا قابل رشک ادارہ ہے -ریسکیو1122نے ہمیشہ مشکل کی گھڑی میں عوام کی خدمت کی ہے - قدرتی آفات میں یہ ادارہ سب سے پہلے عوام کی مدد کو پہنچتا ہے -انہوں نے کہا کہ آج لاہور میں پانچ نئے ریسکیو 1122 کے سٹیشن قائم کئے گئے ہیں -ہربنس پورہ، شادباغ، مراکہ، اندرون شہراور کوٹ عبدالمالک میں نئے سٹیشن قائم کئے ہیں۔لاہور میں ریسکیو 1122 کے سٹیشن کی تعداد 22 ہو گئی ہے -انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122کے بورڈ کا اجلاس 15 سال بعد ہماری حکومت میں منعقد ہواجبکہ  سابق دور حکومت میں ریسکیو 1122 جیسے اہم ادارے کے بورڈ کا کئی سال گزرنے کے باوجود اجلاس تک نہ بلایا گیا۔ریسکیو1122 کا سروس سٹرکچر مکمل کر لیا ہے اورریسکیو1122کے منجمند الاؤنس کو بحال کیا گیا ہے - ریسکیو1122کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھایا جا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122موٹربائیک سروس کا دائرہ کار ضلع کی سطح تک بڑھا رہے ہیں جبکہ موٹربائیک سروس کو تحصیل کی سطح تک بھی لے کر جائیں گے - انہوں نے کہا کہ ریسکیو1122 اکیڈمی میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے ریسکیور ز کو تربیت فراہم کی گئی ہے - ریسکیو1122 کے عملے کے لئے پولیس کی طرز پر ایف ڈی اے الاؤنس دینے کا جائزہ لیں گے - عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے - دیگر اداروں کو بھی ریسکیو1122کی طرح عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہو گا -عوام کی خدمت کے سفر میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے - ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ آج لاہور میں ریسکیو1122 سٹیشن کی تعداد 22 ہو چکی ہے -سینئر وزیر عبدالعلیم خان، وزیر قانون راجہ بشارت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ریسکیو1122، صدر لاہور پریس کلب، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے- 

 ریسکیو1122سٹیشن کا افتتاح

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شعبہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے حوالے سے بعض اقدامات میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو سال ہو چکے، محکمہ زراعت نے صرف میٹنگز کیں -کسانوں کوسہولتوں کی فراہمی کیلئے عملی طور پر پیشرفت نہ ہونے کے برابر ہے - اب اس سلسلے کو ختم کر کے فوری طور پر پائیدار اقدامات کرنا ہوں گے- میں خود محکمہ زراعت کا دورہ کروں گا -کاشتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات میں مزید تاخیر قطعا برداشت نہیں کی جائے گی- زرعی شعبہ معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے - زرعی شعبے میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے - زراعت کے شعبے میں کئے جانے والے اقدامات میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں -محکمے کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ سے خود محکمہ زراعت کی مختلف سکیموں پر پیشرفت کا جائزہ لوں گا- سیکرٹری زراعت نے محکمے کی کارکردگی اورکسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی-صوبائی وزیر زراعت نعمان لنگڑیال، مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زراعت، سیکرٹری زراعت اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ نے اجلاس میں شرکت کی-

اجلاس

مزید :

صفحہ اول -