یوم بحریہ آج ملی جوش وجذبے  سے منایا جائے گا

        یوم بحریہ آج ملی جوش وجذبے  سے منایا جائے گا

  

کراچی(این این آئی)یوم بحریہ آج (منگل)8ستمبرکوملی جوش وجذبے سے منایا جائے گا،پاک بحریہ کے سربراہ  ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ یوم بحریہ،ہمارے بحری ہیروزکی قربانیوں اور جذبے کو سراہنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے 1965 کی جنگ کے دوران حوصلے، ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔ یہ دن ہمارے غازیوں اور شہدا ء کے کارناموں اور کامیابیوں کی یاد دلاتا ہے جو بہادری سے لڑے اور اللہ سبحانہ وتعالی پر اپنے مکمل اعتماد اورخود پرعمیق یقین کی بدولت  ایک بڑے مخالف کو نیچا دکھانے میں کامیاب ہوئے۔ یہ دن ہماری بحری تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے جو ہماری نئی نسل میں امید اور افتخارکو جلا بخشتا ہے۔انہوں نے کہاکہ 7اور 8ستمبر 1965 کی درمیانی شب پاکستان نیوی کے سات بحری جہازوں پر مشتمل بیڑے نے،آپریشن 'سومنات'میں ہندوستانی بندرگاہ دوارکا پر بمباری کی۔ اس برق رفتار اور درست کاروائی نے نہ صرف اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کردیا جس میں انڈین ایئر فورس کے لڑاکا طیاروں کو کراچی پرحملے کی رہنمائی کرنے والے ہندوستانی ریڈار اسٹیشن او ریڈیو بیکن شامل تھے بلکہ ہندوستانی غرور کوبھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ پاک بحریہ کی واحد سب میرین غازی پوری جنگ کے دوران سمندر میں اپنی برتر ی برقراررکھتے ہوئے دشمن کے لیے ناقابل شکست رہی۔ ہندوستانی بندرگاہ کے گردو نواح میں سب میرین غازی کی موجودگی نے، ہندوستانی بحری جہازوں بشمول طیارہ بردار بحری جہازکو بندرگاہ میں محصور رکھا اور بھارتی بحری بیڑے کو جنگ کے دوران غیر موثر رہنے پہ مجبور کر دیا۔نیول چیف نے کہاکہ آج پاکستان نیوی خطے میں ایک مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔ پاک بحریہ  خطے میں بحری سلامتی کے مشترکہ اقدام میں   بین الاقوامی بحری اشتراک کا ایک اہم حصہ ہے۔ 

یوم بحریہ

مزید :

صفحہ اول -