کراچی کی بحالی کیلئے امدادی پیکج خوش آئند ہے، شوبز شخصیات

کراچی کی بحالی کیلئے امدادی پیکج خوش آئند ہے، شوبز شخصیات

  

لاہور(فلم رپورٹر) شوبز شخصیات نے وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کیلئے اربوں روپے کے پیکج پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بہت پہلے اٹھالیا جانا چاہیے تھا لیکن پھر بھی ابھی دیر نہیں ہوئی،ملک و قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اسی طرح اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ شاہد حمید،شان،معمر رانا،شاہدہ منی،میگھا،ماہ نور،مسعود بٹ،اچھی خان،جرار رضوی،نادیہ علی لاڈا،ظفر عباس کھچی،مومنہ بتول،عائشہ جاوید،عارف بٹ،عینی رباب،عروج،حمیرا،عاصم جمیلِ،آغا حیدر اور رضی خان،شبیر جان، عمر شریف،عدنان جیلانی، شہزادرضا، آغا قیصر عباس دیگر نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کی وجہ سے ایسا لگتا ہی نہیں کہ ہم اس ملک کے حصے میں رہتے ہیں جو معیشت کا حب کہلاتا ہے اور ملک کو چلانے کیلئے ٹیکسز کی صورت میں اپنا بہت بڑا حصہ ڈالتا ہے۔شوبز شخصیات  نے کہا کہ قانون پر سختی سے عملدرآمدکرایاجائے۔

 نالوں اور دیگر مقامات پر قائم تجاوزات کو بلا تفریق ختم کیا جائے تاہم کئی دہائیوں سے آبادمستحق اور غریب خاندانوں کو اس سے پہلے کہیں آباد کرنے کاانتظام کیا جائے کیونکہ یہ لوگ بھی اس ملک کے شہری ہیں۔ فنکاروں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے 1100ارب روپے کا پیکج کا بھرپور اور درست استعمال ہو گیا توکراچی کی حالت بدل جائے گی اور پھر یہ حقیقی معنوں میں روشنیوں کا شہر بن جائے گا۔ وفاقی اورصوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ اس عمل کو سیاست سے بالا تر ہو کر پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ عوام کا سیاستدانوں پر اعتمادبحال ہو سکے جس سے جمہوریت مضبوط ہو گی۔

مزید :

کلچر -