غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لبرل سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھانا چاہیے: عارف علوی
اسلام آباد (این این آئی)صدر ڈاکٹر عارف علوی سے فورٹسکیو گروپ کے چیئرمین اینڈریو فورسٹ کی سربراہی میں آسٹریلین وفد نے ملاقات کی جس میں مختلف امور زیر غور آئے۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان نے ایک لبرل اور سرمایہ کاری دوست پالیسی اپنائی ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو لبرل سرمایہ کاری کے ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لئے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے۔صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو معدنیات کے شعبے میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔دریں اثناء صدر مملکت عار ف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور افغانستان مشترکہ ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی سے افغانستان میں پاکستان کے نامزد سفیر منصور احمد خان نے ملاقات کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان مشترکہ ثقافت اور مذہب کے حامل ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ نامزد سفیر دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین اقتصادی، سیاسی اور عوامی روابط کو مستحکم کرنے کے لئے کام کریں۔
عارف علوی