مشیر سیاحت کا دورہ شالامار باغ،ثقافتی شو کے انتظامات کا جائزہ لیا

مشیر سیاحت کا دورہ شالامار باغ،ثقافتی شو کے انتظامات کا جائزہ لیا

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت و آثار قدیمہ آصف محمود نے تاریخی شالامار باغ کا دورہ کر کے 27 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت پر تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ایم ڈی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب تنویر جبار اور ایم ڈی آرکیالوجی الیاس گل نے مشیر وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ عالمی یوم سیاحت پر شالامار باغ میں تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ہوں گے۔ مشیر وزیراعلیٰ نے مغلیہ دور کے باغ کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو شالامار باغ میں ثقافتی شو اور دیگر پروگرام ہوں گے جن کا مقصد تاریخی مقامات کو سیاحوں کے لئے پرکشش بنانا ہے۔

۔ آصف محمود نے کہا کہ تاریخی مقامات کو سیاحت کے فروغ اور ریونیو جنریشن کا ذریعہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر سیاحت کا فروغ ہمارا فوکس ہے۔ اس مقصد کے لئے نئے سیاحتی مقامات کی تیاری کے ساتھ موجودہ مقامات پر مزید سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ نے شالامار باغ میں صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نمایاں مقامات پر صفائی کا خیال رکھنے سے متعلق بورڈ آویزاں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شالامار باغ میں شہریوں کی دلچسپی کے لئے مشہور فوڈ سروس کی برانچیں کھولنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ ضروری غوروفکر مکمل ہونے کے بعد بڑے فوڈ چینز کو شالامار باغ میں آؤٹ لیٹ کھولنے کی دعوت دی جائے گی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -