بارش متاثرین وفاقی حکومت کی توجہ سے محرو م ہیں: اسماعیل راہو 

بارش متاثرین وفاقی حکومت کی توجہ سے محرو م ہیں: اسماعیل راہو 

  

 کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیرزراعت محمد اسماعیل راہو نے وزیراعظم عمران خان سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو کراچی کے ساتھ سندھ کے دیگر اضلاع کا بھی دورہ کرنا چاہیے تھا،سندھ کے کئی اضلاع سیلاب سے تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کے کراچی دورہ پر ردعمل میں کہا کہ میرپور خاص، سانگھڑ،عمر کوٹ،بدین، شہید بینظیرآباد اور کاچھو کی زراعت ختم ہوچکی، کپاس، مرچ پیاز، ٹماٹر اور دوسری سبزیوں کی فصل مکمل تباہ ہوگئی ہے، بارش سے گنا، چاول، کیلا اور دوسرے باغات کو بھی بہت نقصان ہوا ہے۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ کے بارش متاثرین وفاقی حکومت کی توجہ سے محروم ہیں، اتنی تباہی کے باوجود وزیراعظم کے کان پر جْوں تک نہیں رینگی، وزیراعظم نے بارش سے متاثر کاشتکاروں کی مدد کا اعلان نہ کرکے مایوس کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کو بارش سے متاثر لوگوں کے لیے بھی امداد کا اعلان کرنا چاہیے تھا،عمران خان نے بارش متاثرہ علاقوں بدین،میرپورخاص، عمرکوٹ، سانگھڑ، نوابشاھ کے کاشتکاروں سے لفظی ہمدردی تک نہ کی۔قدرتی آفات میں وفاقی حکومت کی اتنی لاتعلقی فقط عمران خان کا شیوہ ہے۔اسماعیل راہو نے کہا کہ کاشتکاروں کو انتظار تھا کہ عمران خان ہماری مدد کا بھی اعلان کرینگے۔ وفاق کاشتکاروں کی مدد کرے یا نہ کرے مگر سندھ حکومت ہمیشہ مددکرتی آئی ہے اورکرتی رہے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -