جے ایس بینک کے ششماہی منافع میں خاطر خواہ اضافہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جے ایس بینک نے 30 جون 2020ء کو ختم ہونے والی ششماہی کیلئے نتائج کا اعلان کردیا۔ بینک نے1472 ملین روپے کا قبل از ٹیکس منافع ظاہر کرتے ہوئے گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 597 ملین روپے کے قبل از ٹیکس نقصان کے مقابلہ میں اپنے منافع میں ناقابل یقین حد تک اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ منافع میں اضافہ بنیادی طور پر بینک کے ذخائر میں غیر معمولی نمو کی وجہ سے ہوا جو 400 ارب روپے کو عبور کرگیا جس کے نتیجہ میں خالص انٹرسٹ آمدنی میں بہتری اور فیس پر مبنی آمدنی میں اضافہ ہوا۔ 30 جون 2020ء تک بینک کے فی حصص کی قیمت 15.6 روپے تھی جس میں 30 جون 2020ء کو ختم ہونے والی ششماہی کے لئے 0.66 روپے فی شیئر آمدن ہوئی۔ جے ایس بینک کے چیف فنانشل آفیسر حسن شاہد نے کہا کہ ہم نے کاروبار کی ترقی اور اس سے وابستہ آمدن پر توجہ کے باعث 2020ء کی ششماہی کے منافع میں نمایاں اضافہ دیکھا جو ہمارے صارفین کے اعتماد اور ہماری ٹیم کی لگن کی عکاسی کرتا ہے۔ COVID-19 کے معاشی اور مالی اثرات کی وجہ سے بینکاری کی صنعت کو مسلسل چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا، اس لئے بینک کی حکمت عملی نئے مواقع کی نشاندہی کرنے کے ایک مستقل عمل پر مبنی رہی جس نے کاروبار کو بڑھانے کے قابل بنایا۔ بینک جدید مصنوعات اور خدمات، مضبوط اتحاد اور خدمات کی فراہمی کی آٹومیشن کے ذریعے صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کوشاں ہے۔پاکستان کی ترقی و خوشحالی کی طرف اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم بینک مشترکہ قدر کی تشکیل کے ذریعے کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔