کراچی پیکج: سندھ حکومت عوام کو گمراہ کررہی ہے،خرم شیر

  کراچی پیکج: سندھ حکومت عوام کو گمراہ کررہی ہے،خرم شیر

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے جھوٹے دعوے کر کے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے پیکیج پر 800ارب روپے دینے کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کو گمراہ کرنے کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دے۔ شہر کے بنیادی مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پیکیج کا 62فیصد حصہ وفاق جبکہ 38فیصد حصہ حکومت سندھ د ے گی۔ کراچی کی ترقی پر سیاست کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ شہر کراچی میں بے تحاشہ مسائل اسی لئے ہیں کہ اس شہر کی ترقی کو ہمیشہ سیاست کی نظر کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کراچی کے شہریوں کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے ہیں۔جب تک ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والا شہر ترقی نہیں کرے گا تب تک ملک کی ترقی بھی ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی جھوٹ کی سیاست سے نقصان کراچی کے شہریوں کو ہوگا۔ کراچی کے شہری ایک طویل عرصے سے محرومیوں کا شکار ہیں۔ دنیا کے چھٹے بڑے شہر کا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔ اگر پیپلز پارٹی کراچی کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرنا چاہتی ہے تو ساتھ مل کر کام کرے۔

مزید :

صفحہ آخر -