کوہاٹ‘ اسلحہ و منشیات کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام‘ 1 گرفتار

  کوہاٹ‘ اسلحہ و منشیات کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام‘ 1 گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور (سٹاف رپورٹر)کوہاٹ پولیس نے انڈس ہائی وے پر انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی میں ہتھیاروں اور منشیات کی بڑی کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔مسلم آباد کے قریب چیکنگ کے دوران فلائنگ کوچ گاڑی سے لاکھوں مالیت کا اسلحہ ومنشیات برآمد کرکے بین الاضلاعی سمگلر نیٹ ورک کے رکن کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔پکڑے گئے اسلحے اور منشیات میں مختلف بورکے1پستول،2ریپیٹر گن،60چارجرز،6100کارتوس اور 2کلوگرام افیون شامل ہیں۔کامیاب کاروائی میں پکڑے گئے لاکھوں مالیت کے ہتھیار اور منشیات وزیرستان سمگل کئے جارہے تھے جسکا گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔زیر حراست ملزم کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال نے اسلحہ ومنشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کی کاروائی کے حوالے سے بتایا کہ مسلسل خفیہ اطلاعات کی تصدیق کے بعد انہوں نے ڈی ایس پی صدر صنوبر شاہ اور ایس ایچ او جرما عرفان خان کی قیادت میں خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے سوموار کے روز کوہاٹ انڈس ہائی وے پر مسلم آباد کے قریب واقع پولیس چیک پوسٹ میں ناکہ بندی کرکے چیکنگ شروع کررکھی تھی کہ اس اثناء میں پشاور سے آنیوالی ایک مشکوک فلائنگ کوچ نمبرپشاورP-8526کو تلاشی کی غرض سے روک لیاگیا۔پولیس نے تلاشی کے دوران فلائنگ کوچ کے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائے گئے اسلحے اور منشیات کی بھاری کھیپ برآمد کرکے کوچ میں سوار ہتھیاروں اور منشیات کے بین الاضلاعی سمگلر صاحب نور سکنہ وزیرستان کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا۔ڈی پی او جاوید اقبال نے بتایا کہ انٹیلی جنس بیسڈ کاروائی کے دوران پکڑے گئے ہتھیاروں میں مختلف بور کے 31عدد پستول،2عدد ریپیٹرز،60چارجرز،مختلف بور کے6100کارتوس اور2کلوگرام اعلیٰ کوالٹی کی افیون شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسلحہ ومنشیات سے بھری فلائنگ کوچ سمیت حراست میں لئے گئے ملزم کو فوری طور پر تھانہ جرما منتقل کردیا گیا جہاں اسکے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ضلعی پولیس سربراہ نے بتایا کہ پکڑے جانیوالے لاکھوں مالیت کے ہتھیار اور منشیات وزیرستان سمگل کئے جارہے تھے جسکا زیر حراست ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف کرلیا ہے۔ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال نے بتایا کہ زیر حراست ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے غیر قانونی ہتھیاروں اور منشیات کی سمگلنگ میں ملوث بین الاضلاعی نیٹ ورک کے بارے میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔