شہریوں کی سہولت کیلئے ون ونڈوبزنس پورٹل قائم کی ہے، کامران بنگش 

شہریوں کی سہولت کیلئے ون ونڈوبزنس پورٹل قائم کی ہے، کامران بنگش 

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات خیبرپختونخوا نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش کی سرپرستی میں ڈیجیٹل گورننس کی جانب اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے خیبرپختونخوا ون ونڈو بزنس پورٹل میں تعمیرات کے لیے منظوری لینے کی سروس ایڈ کر دی ہے۔متعلقہ سروس کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا ہے کہ حکومت خیبرپختونخوا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ون ونڈو بزنس پورٹل قائم کی ہے۔ اب اس پورٹل کے ذریعے عوام کو 16 بنیادی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جن میں سے ایک تعمیرات کے لیے منظوری لینے کا عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ویب پورٹل پر جا کر اپنی معلومات درج کرکے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد عمارت کے متعلق کوائف آن لائن جمع کیے جا سکتے ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے تعمیرات کی منظوری کی ای سہولت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پٹواری سے لے کر ڈرافٹس مین تک کی سہولیات ون ونڈو بزنس پورٹل کے ذریعے ممکن ہو سکیں گی۔ محکمہ بلدیات جانچ پڑتال کے بعد تعمیرات کی منظوری کے لیے این او سی جاری کرے گا۔وزیراعظم عمران خان کے وژن ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے واضح کیا کہ وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر محکمہ بلدیات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر رہے ہیں۔ جس سے رشوت، کرپشن اور اقربا پروری سے پاک خیبرپختونخوا کا قیام عمل میں لایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت شہریوں تک بہترین خدمات کی فراہمی ممکن بنا رہی ہے۔ جبکہ اسی مقصد کے حصول کے لیے حکومت خیبرپختونخوا نے شہریوں کی سہولت کے لیے ون ونڈو بزنس پورٹل قائم کی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -