مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام شارجہ میں پاکستان کا 55 واں یوم دفاع منایا گیا

مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام شارجہ میں پاکستان کا 55 واں یوم دفاع منایا گیا
مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام شارجہ میں پاکستان کا 55 واں یوم دفاع منایا گیا

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) یوم دفاع پاکستان ہمیں افواج پاکستان اور قوم کے اس جذبے اور بہادری کی یاد دلاتی ہے جس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری غیور افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا۔ پاکستانی فوج نہ صرف دنیا کی بہترین فوج ہے بلکہ اپنی مثال آپ ہے اور دنیا کی بہترین افواج کا مقابلہ کرتی ہے۔ پاکستان پر جب بھی مشکل وقت آیا افواج پاکستان نے پاکستان کی حفاظت کی۔ ہماری افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، جنگی تیاری اور جذبہ ایمانی نے آج پاکستان کا ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے عہدیداران اور کارکنوں نے شارجہ میں منعقدہ یوم دفاع پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات کے چیئرمین محمد غوث قادری، سینئر وائس پریذیڈنٹ خواجہ عبدالوحید پال، چودھری راشد فاروق، عالمگیر، شاہد اعوان، عرفان اقبال طور، چیف کوآرڈینیٹر سلمان خان، رانا عبدالوہاب، طاہر بھنڈر، چودھری رمضان شان، عبدالستار گجر، چودھری بشیر شاہد، ملک دوست محمد اعوان، عامر بشیر، میاں جاوید یعقوب، غلام محی الدین ارائیں اور پاکستانی کمیونٹی کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

یوم دفاع کی تقریب میں تقاریر کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ ہم ستمبر 1965ءکی جنگ کے شہداءاور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عزم کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ ہم اپنی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہماری فوج صرف چند ڈکٹیٹروں کی وجہ سے بدنام ہوئی ہے جبکہ ہماری فوج بہترین اور جرأت مند فوج ہے جس نے 6ستمبر 1965ءکی جنگ میں بھارت کو زبردست شکست دی۔ ہم اپنے فوجیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بہادری اور دلیری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور پاکستان کا دفاع کیا۔

اس موقع پر ذوالفقار علی بھٹو اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا۔ مقررین نے کہا کہ قوم کے سامنے پی ایم ایل این کے قائدمحمد نواز شریف کے کارنامے بھی عیاں ہیں جنہوں نے 28 مئی 1998ءکو انتہائی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا میں پاکستان کا لوہا منوایا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنانے میں مسلم لیگ ن کا خاص کردار رہا ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

مزید :

عرب دنیا -تارکین پاکستان -