خسرو بختیار کی نامکمل انکوائری، توہین عدالت کی درخواست دائر

خسرو بختیار کی نامکمل انکوائری، توہین عدالت کی درخواست دائر
خسرو بختیار کی نامکمل انکوائری، توہین عدالت کی درخواست دائر

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ میں خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کے خلاف نیب انکوائری مکمل نہ ہونے پر توہین عدالت کی درخواست جمع کروا دی گئی۔

خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کے خلاف دائر درخواست پر لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے چیئرمین نیب، ڈی جی نیب سمیت فریقین سے 30 ستمبر تک جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست جمع کرواتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے ہائی کورٹ میں انکوائری 3 ماہ میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، 13مئی کو لاہور ہائی کورٹ نے مخدوم برادران کے خلاف درخواست نمٹا دی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کے خلاف انکوائری تاحال مکمل نہیں کی گئی، خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت نے 100 ارب سے زائد کے اثاثے بنائے، نیب ملتان نے انکوائری مکمل کی جو غیر قانونی طور پر نیب لاہور منتقل کی گئی۔

درخواست گزار کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کے خلاف کارروائی کا حکم دے اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی کرے۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -