مائیکل جیکسن سمیت وہ معروف ہستیاں جو موت کے بعد بھی کروڑوں روپے ’کما رہی ہیں‘
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) فنکار اپنی زندگی میں تو دولت کماتے ہی ہیں لیکن کچھ ایسے فنکار ہیں جو مرنے کے سالوں بعد آج بھی ماہانہ کروڑوں روپے کما رہے ہیں۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ان فنکاروں میں آنجہانی مائیکل جیکسن سے لے کر ایلوس پریسلے تک کئی فنکار شامل ہیں۔ مائیکل جیکسن کی موت 25جون 2009ءکو ہوئی تھی۔ آج ان کی موت کے گیارہ سال بعد بھی جیکسن سٹیٹ اتنی ہی امیر ہے اور ماہانہ اوسطاً 37لاکھ 96ہزار 725پاﺅنڈ (تقریباً 82کروڑ 30لاکھ روپے) کما رہی ہے۔ اس رقم کو مزید تقسیم کیا جائے تو موت کے گیارہ سال بعد بھی مائیکل جیکسن روزانہ 1لاکھ 24ہزار 824پاﺅنڈ کما رہے ہیں۔
دوسرے نمبر پرمعروف مصنف، شاعر اور ماہر تعلیم جے آر آر ٹولکین آتے ہیں جن کی موت 2ستمبر 1973ءکوہوئی تھی۔ انہوں نے کئی کتابیں لکھی تھیں جو ان کی زندگی میں شائع نہ ہو سکیں اور ان کے بیٹے کرسٹوفرنے بعد میں وہ کتابیں شائع کیں جن کی بدولت جے آر آر ٹولکین آج بھی کما رہے ہیں اور ان کی یہ کمائی ان کی اولاد حاصل کر رہی ہے۔ایک اندازے کے مطابق جے آر آر ٹولکین کی آج بھی ماہانہ آمدنی اوسطاً 31لاکھ 63ہزار 937پاﺅنڈ ہے۔تیسرے نمبر پر ایلوس پریسلے آتے ہیں جو 16اگست 1977ءکو صرف 42سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔ ان گائے گانے آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہیں اور پریسلے ان کی بدولت آج بھی ماہانہ اوسطاً24لاکھ 67ہزار 871پاﺅنڈ کما رہے ہیں۔
چارلی شولز موت کے بعد سب سے زیادہ کمانے والے فنکاروں میں چوتھے نمبر پر آتے ہیں۔ ان کی موت 20سال قبل 12فروری 2000ءکو 77سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ وہ دنیا کی تاریخ کے چند معروف ترین کارٹونسٹس میں سے ایک شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ اپنے متحیر کن کام کی بدولت آج بھی ماہانہ 24لاکھ 3ہزار 975پاﺅنڈ اوسطاً کما رہے ہیں۔ آرنلڈ پالمرگولف کے معروف کھلاڑی تھے جو 25ستمبر 2016ءکو 87سال کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ انہیں تاریخ کے عظیم ترین اور کرشماتی گولف پلیئرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ آج بھی ماہانہ اوسطاً 24لاکھ 4ہزار 592 پاﺅنڈ آمدنی کما رہے ہیں۔