”یہ کیا بات ہوئی کہ ٹیم کی کارکردگی پہلے ہی زوال کا شکار تھی؟“ شعیب اختر نے مصباح الحق کو بھرپور جواب دیدیا

”یہ کیا بات ہوئی کہ ٹیم کی کارکردگی پہلے ہی زوال کا شکار تھی؟“ شعیب اختر نے ...
”یہ کیا بات ہوئی کہ ٹیم کی کارکردگی پہلے ہی زوال کا شکار تھی؟“ شعیب اختر نے مصباح الحق کو بھرپور جواب دیدیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے ٹی 20 فارمیٹ میں قومی ٹیم کی مسلسل گرتی ہوئی کارکردگی پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح الحق شکایت کرنے کے بجائے مسائل کا حل تلاش کریں۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے حالیہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ جب میں اس سیٹ اپ کا حصہ بنا تو ٹیم ہار رہی تھی، یقینا ٹیم پہلے نمبر پر تھی لیکن اگر آپ کو یاد ہے ، میرے آنے سے پہلے ہی قومی ٹیم جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور دیگر مقامات پر ہار چکی تھی، کارکردگی میں زوال پہلے سے ہی شروع ہو چکا تھا اور سب جانتے ہیں کہ ایسا کیوں تھا۔

شعیب اختر نے مصباح الحق کی اس بات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ایماندار اور مضبوط لوگ شکایت نہیں کرتے بلکہ فیصلے لیتے ہیں۔ اگر میں ان کی جگہ ہوتا تو میں یہ کہتا کہ غلطی میری ہے اور میں ہی اسے ٹھیک کروں گا۔ ادھر ادھر کی باتیں مصباح الحق کر سکتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں ہوں۔ 

انہوں نے مزید کہا اگر مصباح الحق لوگوں کی سپورٹ چاہتے ہیں تو ایسے بیانات دینے سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا ”مصباح ہمیں سپورٹ کرنے کا موقع فراہم کرے، وہ ہمیں یہ کہنے کا موقع فراہم کرے کہ مصباح الحق ایک بہادر شخص ہے جس نے کچھ اچھا کہا ہے اور ہمیں اسے سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ میں انہیں ایک پیغام بھی دے رہا ہوں، یہ کیا بات ہوئی کہ ٹیم کی کارکردگی پہلے ہی نیچے جا رہی تھی؟ انہیں مضبوط بننے کی ضرورت ہے، اگر وہ مضبوط بات کریں گے تو میں سب سے پہلے ان کی حمایت کروں گا۔“ 

مزید :

کھیل -