آئی جی پنجاب کی تبدیلی میں شہزاد اکبر کا کیا کردار ہے ؟مسلم لیگ ن کھل کرمیدان میں آگئی،حکومت پر سنگین الزام عائد کردیا 

آئی جی پنجاب کی تبدیلی میں شہزاد اکبر کا کیا کردار ہے ؟مسلم لیگ ن کھل کرمیدان ...
آئی جی پنجاب کی تبدیلی میں شہزاد اکبر کا کیا کردار ہے ؟مسلم لیگ ن کھل کرمیدان میں آگئی،حکومت پر سنگین الزام عائد کردیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کےمرکزی رہنما عطا اللہ تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ تبدیلی سرکار پولیس کو بطور سیاسی آلہ کار استعمال کرنا چاہتی ہے، یہ پولیس کو گھر کی لونڈی بنانا چاہتے ہیں اورپولیس کے محکمے کو صرف ایک سیاسی جماعت سے منسلک کرنا چاہتے ہیں،آئی جی پنجاب کی تبدیلی شہزاد اکبر نے کرائی، شہزاد اکبر آئی جی پنجاب کی تبدیلی کرنے والے کون ہوتے ہیں؟شہزاد اکبر پنجاب میں جاری انتقامی کارروائیوں کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں اور پنجاب میں مداخلت بھی کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عظمیٰ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب میں پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے،تبدیلی سرکار پولیس کو بطور سیاسی آلہ کار استعمال کرنا چاہتی ہے، یہ پولیس کو گھر کی لونڈی بنانا چاہتے ہیں اورپولیس کے محکمے کو صرف ایک سیاسی جماعت سے منسلک کرنا چاہتے ہیں،ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بنانے کے لیے نئے سی سی پی او کی تعیناتی کی گئی ہے.انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی تبدیلی شہزاد اکبر نے کرائی،شہزاد اکبر کی کارکردگی پر سپریم کورٹ نے سوالات اٹھائے،ڈی جی اینٹی کرپشن گوہر نفیس کی ایک ایک چال دیکھ رہے ہیں ،ڈی جی اینٹی کرپشن نے شہزاد اکبر کے کہنے پر لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ کے گھر چھاپہ مارا،ہمارا سوال ہے کہ  شہزاد اکبر آئی جی پنجاب کی تبدیلی کرنے والے کون ہوتے ہیں؟شہزاد اکبر پنجاب میں جاری انتقامی کارروائیوں کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں اور پنجاب میں مداخلت بھی کررہے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کی عادت ہے وہ لاہور تشریف لاتے ہیں ناشتے میں تین چار پولیس والے کھاتے ہیں، اس کے بعد لنچ میں 3،4 محکموں کے سیکرٹری ان کا شکار بنتے ہیں ،اگر اب بھی کوئی سمجھتا ہے کہ پنجاب میں گورننس ہے، پنجاب چل رہا ہے تو اسے اپنے آپ پہ نظرثانی کی ضرورت ہے .اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب نئے آئی جی کو لاتے ہیں تو تعریفیں کرتے ہیں اور پھر ذلت کے ساتھ بھیجتے ہیں، پنجاب میں افسران کو کام نہیں کرنے دیا جا رہا ۔

اس سے قبل مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آئی جی پنجاب کی تبدیلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئی جی نہیں عمران صاحب کو تبدیل کرنا پڑے گا،نالائقوں اور چوروں نے دو سال میں پانچواں آئی جی پنجاب تبدیل کردیا ہے،عمران صاحب نے معیشت،گورننس اور محکموں کا جنازہ نکال دیا۔انہوں نے کہا کہ معیشت اور محکمے سیاست کی نظر کر دئے گئے ہیں عمران صاحب کو جب تک تبدیل نہیں کیا جائے گا،اس وقت تک ملک اور عوام کےلئے کوئی مثبت تبدیلی نہیں آ سکتی۔