سی پی ایل، ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے جمیکا تلاواہز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

سی پی ایل، ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے جمیکا تلاواہز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ ...
سی پی ایل، ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے جمیکا تلاواہز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

  

ٹرینیڈاڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) کے پہلے سیمی فائنل میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے جمیکا تلاواہز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق برائن لارا کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے ٹاس جیت کر جمیکا تلاواہز کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے۔ اینکروما بونر نے سب سے زیادہ 41 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ روومین پاول 33، کارلوس بریتھ ویٹ 13 اور آصف علی 4 رنز بنا سکے اور ٹیم کے 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 

ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی جانب سے عقیل حسین سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 14 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور کھیری پیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سنیل نارائن اور فواد احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ 

ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے لینڈل سمنز اور ٹیون ویبسٹر کی دھواں دار بلے بازی کی بدولت مقررہ ہدف 15 اوورز میں حاصل کر کے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ لینڈل سمنز نے 44 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے جبکہ ٹیون ویبسٹر نے 43 گیندوں پر 1 چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 44 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

مزید :

کھیل -