مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا،اہم خاتون رہنما تحریک انصاف میں شامل ہو گئیں

مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا،اہم خاتون رہنما تحریک انصاف میں شامل ہو گئیں
مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا،اہم خاتون رہنما تحریک انصاف میں شامل ہو گئیں

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)گلگت بلتستان انتخابات سے قبل مسلم لیگ(ن) کودھچکا، شعبہ خواتین کی صوبائی صدر اورسابق وزیر ثوبیہ مقدم تحریک انصاف  میں شامل ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ نواز گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی سابق صدر اور وزیر ثوبیہ مقدم نے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔اس موقع پر  ثوبیہ مقدم نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ویژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہوں،ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے عوام بھی وزیراعظم عمران خان کے تبدیلی کے ایجنڈے کیساتھ کھڑے ہیں،آئندہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے عوام تحریک انصاف کی شکل میں اپنی سیاسی سمت کا تعین کریں گے۔ ثوبیہ مقدم نے کہاکہ تحریک انصاف کے منشور اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جماعتی آئین و نظم کی پاسداری کا عہد کرتی ہوں،گلگت بلتستان میں وزیراعظم عمران خان کے پیغام کی ترویج میں بھرپور کردار ادا کریں گے ۔تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے ثوبیہ مقدم کی ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی بھرپور معاونت و حمایت سے گلگت بلتستان میں تاریخ کا رخ موڑنے کو تیار ہے، آئینی و انتظامی اختیارات کی فراہمی کیساتھ گلگت کے عوام کی فلاح و ترقی اولین ترجیحات ہیں،نظام کی تبدیلی کے ذریعے وسائل کی فراہمی اور ترقی میں گلگت بلتستان کی شراکت کا بطور خاص اہتمام کریں گے ۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -