خیبر پختونخواہ  ولی بلاک (ہنگو فارمیشن) میں گیس و کنڈنسیٹ کے بھاری ذخائر کی دریافت

  خیبر پختونخواہ  ولی بلاک (ہنگو فارمیشن) میں گیس و کنڈنسیٹ کے بھاری ذخائر کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(پ ر) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے ایف آر لکی مروت میں واقع کاواگڑھ فارمیشن پر اپنی مہارت اور کاوشوں سے ولی کنواں نمبر 1 پر گیس و کنڈنیسٹ کے بھاری ذخائر دریافت کر لئے ہیں۔ ولی ایکسپلوریشن لائسنس کے آپریٹر کی حیثیت سے اوجی ڈی سی ایل اس ایکسپلوریشن بلاک میں 100 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کی مالک ہے۔  تیل و گیس کے یہ بھاری ذخائر فرنٹیئر ریجن لکی مروت صوبہ خیبر پختونخواہ میں دریافت کیے گئے ہیں۔ولی کنواں نمبر 1 کا سٹریکچر او جی ڈی سی ایل نے اپنے انجنئیرز کی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ڈرل اور ٹیسٹ کیا۔ مذکورہ کنواں کی کھدائی دسمبر 2019 میں شروع کی گئی تھی اور اس کنواں کو 4727 میٹرز گہرائی تک ڈرل کیا گیا۔ کنواں کی کھدائی کے دوران تیل و گیس کو موجودگی کے بارے میں اچھی رپورٹس اور اوپن ہول لا ڈیٹا کی بنیاد پر ڈرل سٹیم ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر 32/64 چوک سائز پر 2800 پی ایس آئی ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر پر چیک کرنے کے بعد مذکورہ کنویں سے 11.361   ملین سٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم سی ایف) یومیہ گیس اور 895 بیرل یومیہ کنڈنسیٹ کی پیداوار حاصل ہو گی۔
گیس اور کنڈنسیٹ کی اس دریافت نے  جنوب مغربی بنوں بیسن کے ایریا میں مزید ہائیڈروکاربن کے ذخائر کی نشاندہی کی ہے۔ او جی ڈی سی ایل بطور ایک معروف ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن کمپنی کی حیثیت سے جارحانہ ایکسپلوریشن حکمت عملی اپنائی ہوئی ہے۔ جس کے نتیجے میں یہ ہائیڈروکاربن کے ذخائر کی دریافت ہوئی ہے۔  یہ دریافت نہ صرف او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈروکاربن کے ذخائر میں اضافہ کرے گی بلکہ ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہو گی اور یہ دریافت ملکی تیل و گیس کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے میں بھی بہت معاون ثابت ہو گی۔ کمپنی ایک مضبوط ایکسپلوریشن پروگرام کے ذریعے اپنے حصص یافتگان کی قدر بڑھانے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس سلسلے میں اوجی ڈی سی ایل کی انتظامیہ حکومت پاکستان کے اس تعاون پر شکریہ ادا کرتی ہے۔  او جی ڈی سی ایل  نے اس علاقے میں بسنے والے لوگوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایکسپلوریشن کے دوران ہی سوشل ویلفئیر کے بے شمار منصوبے بنائے جن میں سے اس فیلڈ کے گرد و نواح میں بسنے والے افراد کی ویلفئیر کے لئے 36.67 ملین کے ویلفئیر کے مختلف منصوبے بھی شروع کر رکھے ہیں۔

مزید :

کامرس -