ملکی ترقی کیلئے جامع اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل ناگزیر: عارف علوی 

ملکی ترقی کیلئے جامع اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل ناگزیر: عارف علوی 

  

 اسلام آ باد (آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت اقلیتوں کی سماجی و معاشی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اقلیتوں کو تعلیم اور سرکاری نوکریوں کے حصول کیلئے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، اقلیتی رہنما اپنی کمیونٹی میں نوجوانوں کو تعلیم اور سرکاری  نوکریاں حاصل کرنے پر راغب کریں۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیلا رام کیولانی کی قیادت میں قومی اقلیتی کمیشن  کے وفد کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ حکومت اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور دیکھ  بھال کیلئے بھرپور کاوشیں کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اقلیتوں کیلئے سرکاری نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ مختص کیا ہے، اقلیتوں کو تعلیم اور سرکاری نوکریوں کے حصول کیلئے حوصلہ افزائی  کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ اقلیتی رہنما اپنی کمیونٹی میں نوجوانوں کو تعلیم اور سرکاری  نوکریاں حاصل کرنے پر راغب کریں، آئین پاکستان اقلیتوں کو برابری کے حقوق فراہم کرتا ہے۔ عارف علوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے ایک جامع اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل ناگزیر ہے، حکومت اقلیتی برادری کے طلبا کو تعلیمی وظائف اور مالی امداد فراہم کررہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اقلیتی برادری کے نوجوان اور خواتین کاروبار کیلئے قرض حاصل کر سکتے ہیں۔ 

عارف علوی

مزید :

صفحہ آخر -