انتظامیہ صوبہ، بھر میں کورونا، ڈینگی پر قابوپانے کیلئے محنت کررہی ہے، یاسمین راشد
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں کابینہ کمیٹی برائے انسدادڈینگی کا اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف سید سعیدالحسن شاہ، سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندر بلوچ، پروفیسر جاوید چوہدری ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین اورصوبائی وزیر اوقاف نے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں انسدادڈینگی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت ودیگرافسران نے وزیر صحت کو انسدادڈینگی سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں انسدادڈینگی سرگرمیوں کو تیزکردیاگیاہے۔پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیروآواریا خصوصی زیروپیریڈ کے ذریعے بچوں میں ڈینگی سے متعلق آگاہی دی جائے۔سپیشل برانچ کی نشاندہی پر تمام مقامات پر ڈینگی لارواکی تلفی کو ہرصورت یقینی بنایاجائے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کی انتظامیہ صوبہ بھرمیں کورونااور ڈینگی پر قابو پانے کیلئے بہت محنت کررہی ہے۔تمام کمشنرزاور ڈپٹی کمشنرزڈی ایگ کی سفارشات پر عملدرآمدکویقینی بنائیں۔شہری اپنے گھروں،دوکانوں اور پانی کھڑارہنے والے مقامات کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب کے تمام مزارات اور مساجدمیں انسدادڈینگی کارروائیوں کو یقینی بنایاجائے۔پنجاب کی تمام مساجدمیں جمعہ کے خطبات کے دوران ڈینگی سے بچاؤ سے متعلق آگاہی لیکچردئیے جائیں گے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پی ایچ اے گرین بیلٹس اور پارکوں کی صفائی کو یقینی بنائے۔عوام کیلئے ڈینگی بارے مؤثرآگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔ تمام محکمہ جات انسدادڈینگی کے حوالہ سے جاری کردہ گائیڈلائینز پرعملدرآمدیقینی بنائیں۔سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ فوری طورپر کوتاہیوں کو دورکریں۔ڈینگی کے زیادہ کیسزوالے اضلاع کو الرٹ رہناہوگا صوبائی وزیر اوقاف سیدسعیدالحسن شاہ نے کہاکہ پنجاب کی تمام مساجداور مزارات پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھاجارہاہے۔ہم سب کو مل کر ڈینگی کے خاتمہ کیلئے محنت کرنی ہوگی۔
یاسمین راشد