بڑھتی مہنگائی سے ملکی کاروباری حالات ابتر ہو رہے ہیں،ہارون رشید

بڑھتی مہنگائی سے ملکی کاروباری حالات ابتر ہو رہے ہیں،ہارون رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران لاہور کے نائب صدر میاں ہارون رشید نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے بے رحم حالات ملکی کاروباری حالات کو بند گلی کی طرف لے کر جارہے ہیں۔ بنیادی ضروریات زندگی کی اشیا کی قیمتوں میں خوفناک اضافے نے  عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ آٹا گھی چینی پٹرولیم مصنوعات جان بچانے والی ادویات تک عوام کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں۔ عوام ان مشکل ترین حالات میں معاشی استحکام مہنگائی میں کمی کے منتظر ہیں۔

 تجارت و صنعت پر بھاری ٹیکسوں کا اطلاق ملک میں بے چینی اور کاروباری شعبہ ہائے زندگی کی مشکلات میں اضافے کا موجب بن رہا ہے۔ حکومت ملک کے متوسط طبقے اور دیہاڑی دار مزدور محنت کش کی زندگی کو لاحق مہنگائی کے روگ سے نجات دلائے۔ کاروباری مراکز دوکانداروں اور تاجروں پر ٹیکس کی شرح کم ترین سطح پر رکھی جائے۔ سو فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے ناکہ ہدف پورا نہ ہونے پر ٹیکسوں کو بڑھایا جائے۔ ٹیکسوں میں اضافے سے عام تاجر دکاندار متاثر ہوتا ہے طاقتور مافیا ٹیکس کے نیٹ میں پھر بھی نہیں آتا۔ ٹیکس دکاندار اور تاجر تجارتی مراکز ہی دیتے ہیں اس کے باوجود تاجروں پر ٹیکسوں میں اضافہ افسوسناک ہے۔ حکومت تجارتی مراکز کیلئے ہمدردانہ اور بزنس فرینڈلی پالیسیز لے کر آئے۔