تحریک ختم نبوت ؐ میں ہزاروں مسلمانوں نے جانیں قربان کیں: چودھری پرویز الٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یوم تحفظ ختم نبوتؐ پرنظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی نشست سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن پر تمام امت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں حضرت ابوبکر صدیق ؓ اور شیرِ خدا حضرت علیؓ کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے جنگ یمامہ میں نبوت کے ایک جھوٹے دعویدار کی سرکوبی کی، جنگ یمامہ کے شہداء اور اس جنگ میں شریک تمام ہستیوں نے تحفظ ختم نبوت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اس عظیم کارنامے پر ساری اُمت قیامت تک ان کی احسان مند رہے گی۔انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ ختم نبوت میں ہزاروں مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ان کی اس عظیم جدوجہد کو تب کامیابی ملی جب تقریباً 100 سال بعد 1974ء میں تحفظ ختم نبوت کا قانون قومی اسمبلی سے پاس ہوا، اس بل کو پاس کروانے کیلئے حضرت پیر مہر علی شاہ آف گولڑہ شریف، امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاری، ظہور الٰہی شہید، ذوالفقار علی بھٹو، مولانا شاہ احمد نورانی، مفتی محمود اور سردار طفیل احمد سمیت اس وقت کی تمام اسمبلی اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں جنہوں نے اس بل کو پاس کروانے میں اپنا حصہ ڈالا ان سب کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کی مجلس میں شرکت ہماری مغفرت کا ذریعہ ہے۔ نبی کریم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے۔ آج ہمیں تحریک ختم نبوت میں شریک ہر فرد کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ ممتاز صنعتکار و چیئرمین92نیوز میڈیا گروپ میاں محمد حنیف نے کہا کہ ہم خوش قسمت لوگ ہیں کہ ختم نبوت کے تحفظ کی خاطر منعقدہ اس تقریب میں شریک ہیں۔ ایسی محافل میں شرکت کارِ ثواب اور اجرِ عظیم ہے۔ آج یوم تشکر ہے کہ آج کے دن پاکستان کی پارلیمنٹ نے قادیانیوں کوغیر مسلم اقلیت قرار دیا تھا۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ آپ آخری نبی ہیں اور آپ کے بعد کوئی نبی نہیں، قرآن و حدیث میں جگ بجا اس کا اظہار ہوتا ہے۔ امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہ نے اس فتنہ کے سدباب کیلئے جو گرانقدر خدمات انجام دیں وہ تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ سندر شریف و صدر علماء و مشائخ ونگ تحریک انصاف پیر سید محمد حبیب عرفانی نے کہا کہ نبی کریم کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا ہے اور آپ آخری نبی ہیں۔ مسلمہ کذاب سے لیکر مرزا غلام احمد قادیانی تک، جس نے بھی ختم نبوت پر ضرب لگانے کی کوشش کی وہ ناکام ہوا۔ چیف ایڈیٹر روزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ ہماری بقاء نبی کریم سے وفا میں وابستہ ہے۔ نبی کریم کی رسالت اور آپ کی عظمت کا معاملہ ہو تومسلمانان عالم اس کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے ہیں۔ قادیانیت اسلام سے بالکل الگ چیز ہے، ہمارے دستور میں بھی یہ لکھ دیا گیا ہے کہ وہ غیر مسلم ہیں۔ہمارے ہاں شیعہ سنی فساد پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، آج ملت اسلامیہ کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ ایک مثالی اسلامی معاشرہ کے قیام کیلئے ہم میں سے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پرچیف ایڈیٹر روزنامہ جرأت جمیل اطہر، چیف ایڈیٹرروزنامہ صحافت خوشنود علی خان، ممتاز کالم نگار اور دانشور اوریا مقبول جان، جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ادارہ منہاج الحسین کے سربراہ علامہ محمد حسین اکبر،شاہد رشید نے بھی اظہار خیال کیا۔ آخر میں نشست کے شرکاء کو سیرت النبی گولڈ میڈل دئیے گئے۔ چوہدری پرویز الٰہی کا میڈل ان کے صاحبزادے چوہدری راسخ الٰہی اور حافظ مرغوب احمد ہمدانی کا میڈل ان کے صاحبزادے محمد وصاف ہمدانی نے وصول کیا۔