پاک فضائیہ نے 7ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا، ملک کی سالمیت اور وقار کے دفاع کیلئے تیار ہیں: ایئر چیف 

پاک فضائیہ نے 7ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا، ملک کی سالمیت اور وقار کے ...

  

  اسلام آباد،کراچی(آئی این پی)سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبرہے، ملک کی سالمیت اور وقارکے دفاع کے لئے مکمل تیار ہیں۔ منگل کو پاک فضائیہ نے ملک بھرمیں اپنے تمام ایئربیسز اور تنصیبات پر07ستمبر یوم شہدا کے طورپرمنا یا۔  اس دن کا آغاز 1965اور 1971کی جنگوں کے شہدا اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعاوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا۔  اس دن کی مناسبت سے مرکزی تقریب ایئرہیڈ کوارٹرزاسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ 07ستمبر کے یادگاراورتاریخی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ بے مثال بہادری کیساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہا اور عظیم مقصد کے لئے دوسروں سے آگے بڑھ کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ایئرچیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال سے باخبرہے اورپاکستان کی سالمیت اور وقار کے دفاع کے لئے مکمل تیارہے۔ اس خاص دن کے موقع پر انہوں نے ان تمام کشمیریوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر لڑتے ہو ئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسرز، افسران، ائیر مین اور سویلینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔قبل ازیں اس تاریخی دن کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر ائیر وائس مارشل زعیم افضل، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ نے سربراہ پاک فضائیہ کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں پاک فضائیہ کے دیگر شہداء کی قبروں پر بھی اسی طرح کی تقاریب منعقد کی گئیں۔

 ائیر چیف

مزید :

صفحہ اول -