صدر مہمند چیمبر کی ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر نوشہرہ سے ملاقات
پشاور (سٹی رپورٹر) صدر مہمند چیمبر آف کامرس ارباب محمد فاروق جان نے ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر نوشہرہ ریجن مظہر ارشاد خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ارباب محمد فاروق جان نے ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر نوشہرہ ریجن مظہر ارشاد خان کو ماربل سیکٹر میں بزنس کمیونٹی پر ٹیکسز‘ ایڈوانس ٹیکس کی ادائیگی‘ سالانہ گوشواروں اور دیگر مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر ایف بی آر نوشہرہ ریجن نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے وبائی صورتحال کے دوران بھر پور طریقے سے خدمات سر انجام دئیے اور ملکی خزانہ چلانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جس پر تاجر برادری کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیس ستمبر ٹیکس گوشوارے جمع کرنے اور پندرہ ستمبر ایڈوانس ٹیکس کی پہلی قسط جمع کرنے کی آخری تاریخ ہے لہٰذا تاجر برادری اس سلسلے میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ٹیکس ریٹرن میں بھر پور تعاون کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ انہوں نے صدر مہمند چیمبر آف کامرس ارباب محمد فاروق جان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تاجر برادری کے لئے ان کے دفتر کے دروازے کھلے ہیں جس پر ارباب محمد فاروق جان نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تاجر برادری ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔ بعد ازاں مہمند چیمبر آف کامرس کے صدر ارباب محمد فاروق جان کو ایڈیشنل کمشنر مظہر ارشاد خان نے شیلڈ بھی پیش کیا