سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل،سپریم کورٹ نے جنکو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کو بحال کردیا

سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل،سپریم کورٹ نے جنکو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ...
سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل،سپریم کورٹ نے جنکو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو کو بحال کردیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سپر یم کورٹ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے جنکو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر کو عہدے پر بحال کردیا۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیئے کہ ملازمین کا سربراہ کی تعیناتی کو چیلنج کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں جنکو ہولڈنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر کی بحالی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کرکے فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ کیاسربراہ جنکو ہولڈنگ کمپنی کیلئے انجینئر ہونا ضروری ہے ؟،کیا جنکو سربراہ کا کام ٹربائین چلانا ہے یا ادارہ چلانا ؟،سندھ ہائیکورٹ نے کس قسم کا فیصلہ دیا ہے؟، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے سپریم کورٹ کے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ( پی آئی اے ) سے متعلق فیصلے پر انحصار کیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ پی آئی اے فیصلے میں کہاں لکھا ہے کہ قومی ایئر لائن کا سربراہ پائلٹ ہوگا،پی آئی اے سربراہ کا کام جہاز چلانا نہیں بلکہ کمپنی چلانا ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ حکومت نے ادارے کے ملازمین سے پوچھ کر سربراہ نہیں لگانا،ملازمین کا سربراہ کی تعیناتی کو چیلنج کرنے سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید :

قومی -