ایسی درخواست دینے جا رہی ہوں جو ایون فیلڈ کیس کے پیچھے کے محرکات کو بے نقاب کر دے گی ، مریم نواز
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں ایسی درخواست دینے جا رہی ہوں جس کے بعد قوم کے سامنے آجائے گا کہ اس کے پیچھے کیا محرکات تھے ، کون تھا اور کیا چاہتا تھا اور وہ کیسے کامیاب ہوا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے خلاف مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفد ر اعوان کی اپیلوں پر سماعت ہوئی۔لیگی نائب صدر مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں اورروسٹرم پر آ کر انہوں نے کہا کہ میرے وکیل امجد پرویز نے کیس کی مزید پیروی سے معذرت کرلی ہے ، کیس کو میرٹ پر جانے سے پہلے اور حقائق بھی سامنے لانا چاہتی ہوں۔
سماعت کے بعد بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ کیس کے میرٹ پر بحث ہونے سے قبل ضروری درخواست دینا چاہتی ہوں ، میرے وکلاءدرخواست تیار کر رہے ہیں ، درخواست کیس کے پیچھے چھپے محرکات کو بے نقاب کر دے گی ۔
مریم نواز نے کہا کہ کچھ مسائل ہیں جن کو حل کئے بغیر یہ مقدمہ آگے نہیں بڑھنا چاہئے ، مقدمے کو آگے بڑھانے کیلئے ان مسائل کا حل ضروری ہے ، اگر اس مسئلے کو حل کئے بغیر مقدمہ آگے بڑھا تو میںیہ کہوں گی کہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوئے ۔ مریم نواز نے مسئلے کا ذکر نہیں کیا بلکہ کہا کہ وہ کیا بات ہے یہ ابھی نہیں بتانا چاہتی ۔
صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت پورے پاکستان میں بری طرح ناکام ہوئی ہے ، افغانستان کے اندرونی مسائل پر پاکستان کو مداخلت نہیں کرنی چاہئے بلکہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر افغانستان کے عوام کی بحالی کیلئے مدد کرنی چاہئے ،پاکستان کو افغان عوام کی مرضی و منشاءکے مطابق فیصلے لینے ہوں گے ۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت انتقام کی راہ پر چل رہی ہے ، کوئی بھی حکومت ہمیشہ نہیں رہتی ، حکومت کے دن پورے ہو جاتے ہیں ، شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں ، اگر نواز شریف انہیں وزیر اعظم کے طوربر نامزد کریں گے تو ہم پوری سپورٹ کریں گے ۔