مسلم لیگ ن عرب امارات کی جانب سے یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد

مسلم لیگ ن عرب امارات کی جانب سے یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد
مسلم لیگ ن عرب امارات کی جانب سے یوم دفاع کی تقریب کا انعقاد

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کا قیام عمل میں آئے ہوئے ابھی صرف اٹھارہ سال ہی گزرے تھے کہ طاقت کے نشے میں دھت بھارت نے 6 ستمبر 1965ءکو پاکستان پر حملہ کردیا، ادھر ہماری بہادر افواج پاکستان نے اپنے سے کئی گنا زیادہ طاقت ور ملک کو چند دن کی جنگ کے بعد عبرتناک شکست دی اور پوری دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستان ناقابل تسخیر اور مضبوط، ہماری افواج دنیا کی مانی ہوئی بہادر فوج ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ جنگ 6 ستمبر 1965ءکے شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات نے عجمان کے ایک ہوٹل میں ”یوم دفاع“ منایا جس میں پی ایم ایل این ےو اے ای کے جنرل سیکرٹری چودھری ظفر اقبال ودیگر عہدیداران جمیل بنگیال، حاجی محمد نواز، شہزاد بٹ، عامر سہیل گھمن، حاجی محمد یونس، خلیل بونیری، زاہد خان، وقاص گھمن، عبدالرزاق گجر، عقیل ظفر، غلام محی الدین، شوکت بٹ، محمد عمران، مہران جمیل، فرحان مجیدمغل، اسلم سرکانی، غلام عباس بھٹی، مسیحی کمیونٹی کی طرف سے جان قادر، سرفراز گل، جیکب حاکم دین، امجد مسیح اور دیگر بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ 6 ستمبر 1965ءپاکستانی فوج کی اعلیٰ کارکردگی کی اعلیٰ اور دلیرانہ مثال ہے جب پاکستان نے اپنے قیام کے ابتدائی چند سالوں میں اپنے سے کئی گنا بڑے ملک اور طاقتور ملک کو شکست فاش دی۔ پاک فوج نے جنگ 1965ءکے بعد پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا اور دشمن پر اپنی طاقت کی دھاک بٹھادی۔ ٹینکوں کی سب سے بڑی جنگ چونڈہ کے مقام پر ہوئی جہاں پاک فوج کے دلیر جوانوں نے سینے پر بم باندھ کر دشمن کے ٹینکوں کی فوج اڑادی اور دشمن کو برے طریقے سے پسپا کردیا۔ یقینا پاک فوج کے سپوتوں کا یہ جذبہ حب الوطنی لائق صد تحسین و آفرین ہے جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔ مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کی طرف سے منعقدہ اس تقریب کو امارات بھر میں مقیم پاکستانیوں نے سراہا اور اسے جذبہ حب الوطنی اور وطن سے محبت قرار دیا۔

یوم دفاع کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت شریف پڑھی گئی، پاکستان اور یو اے ای کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ قومی، ملکی و ملی ترانے بھی گائے گئے جس سے شرکائے تقریب کے دل جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوگئے۔ اس موقع پر پاکستان کے استحکام، پاکستان اور یو اے ای کے مابین دوستی اور ایکسپو 2020ءکی کامیابی کے لیے دعائیں بھی مانگی گئیں۔ یوم دفاع کی اس تقریب میں پی ایم ایل این کے علاوہ دیگر ملکی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

مزید :

تارکین پاکستان -