دینو موریا اور بپاشا باسو کا بریک اپ کے بعد اب کیسا تعلق ہے؟ اداکار نے پہلی بار لب کشائی کردی
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دینو موریا اور بپاشا باسو گزشتہ دہائی میں بالی ووڈ کی آن سکرین اور آف سکرین مقبول ترین جوڑی تھے۔نجی زندگی میں بوجوہ ان کی نہ نبھ سکی اور وہ الگ ہو گئے ۔ اس کے بعد انہوں نے شاید ہی کبھی ایک دوسرے کے بارے میں بات کی ہو تاہم اب پہلی بار دینو موریا نے بپاشا کے ساتھ اپنی آن سکرین جوڑی پر لب کشائی کی ہے اور ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ان کی بپاشا کے ساتھ جو ایکوئشن فلم راز سے بنی تھی وہ فلم گناہ تک تبدیل نہیں ہوئی۔
فلم فیئر ڈاٹ کام کے مطابق دینو موریا نے کہا کہ ”میری اور بپاشا کی ایکوئشن آج تک برقرار ہے اور میرا نہیں خیال کہ یہ کبھی تبدیل ہو گی۔ہاں، ہم جب راز کی شوٹنگ کر رہے تھے، اس وقت ہم باہم ڈیٹنگ بھی کر رہے تھے۔ تاہم جب ہم گناہ کی شوٹنگ کر رہے تھے، اس وقت ہمارا تعلق ختم ہو چکا تھا اور ہم ڈیٹنگ نہیں کر رہے تھے۔ تاہم ہماری آن سکرین ایکوئشن میں اس سے کوئی فرق نہیں آیا تھا، کیونکہ ہم دونوں پروفیشنل اداکار ہیں۔ چنانچہ ہم نے اپنے ذاتی تعلق کو کبھی کام کے درمیان نہیں آنے دیا۔ میرے خیال میں ہم دونوں نے معاملات کو بہت پیشہ وارانہ انداز میں سنبھالا ہے۔“
دینو کا کہنا تھا کہ ”میری ایکوئشن آج بھی بپاشا کے ساتھ برقرار ہے، میرا مطلب ہے کہ ہم آج بھی ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں اور ہمارے درمیان بہت دوستانہ تعلق ہے۔ اگرچہ ہم زیادہ بات نہیں کرتے لیکن گاہے بگاہے ہماری بات ہوتی رہتی ہے۔“