قائمہ کمیٹی قانون سازی نے 664نابینا افراد کو بھرتی کرنیکی منظوری دیدی
لاہور(نمائندہ خصوصی)کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امور قانون سازی نے 664 نابینا افراد کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کرنے کی منظوری دیدی، کمیٹی کا اجلاس چیئرمین، صوبائی وزیر پارلیما نی امور، کوآپریٹوز و تحفظ ماحول محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ وزیر ہا ئیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، وزیر مواصلات و تعمیرات علی افضل ساہی، وزیر قانون شہزاد خرم ورک اور متعلقہ سیکرٹری صاحبان بھی شریک ہو ئے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر و بیت المال نے صوبے کے مختلف سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کی تفصیل پیش کی۔ چیئر مین کمیٹی محمد بشار ت راجہ نے سپیشل افراد کی بھرتی میں لیت و لعل پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کی ہدایت کی روشنی میں سپیشل افراد کے 3 فیصد کو ٹے پر بھرتی کو یقینی بنایا جائے۔ خصوصی افراد اگر محنت کرکے اپنی روزی کمانا چاہتے ہیں تو ہم ان کے ہاتھ مضبوط کر یں گے۔ انہوں نے گزشتہ اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تمام ڈپٹی کمشنرز سپیشل افراد کی بھرتی میں سہولت کار کا کردار ادا کریں تو صور تحا ل میں نمایاں بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔ راجہ بشارت نے سیکرٹری سوشل ویلفیئر کو تمام سیکرٹریز سے اسامیوں پر بھرتی کی تفصیل لینے کی ہدا یت کرتے ہوئے کہا سپیشل افراد کو نوعمری میں ہی ہنرمند بنانے کا طویل المدت منصوبہ بنا رہے ہیں تاکہ ان کی جسمانی صلاحیتوں کے مطا بق ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ کمیٹی نے ایچیسن کالج لاہور، لارنس کالج گھوڑا گلی کے بورڈ کی تشکیل نو کا نوٹیفکیشن جاری کر نے کی بھی منظوری دی تاہم ٹیوٹا کے معاملات میں مزید بہتری کیلئے پنجاب اپرنٹس شپ ایکٹ کے تحت مجاز اتھارٹی کی تعیناتی کا معاملہ موخر کر دیا۔
نابینا افراد بھرتی