پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ایئر بیسز پر 7ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا 

پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ایئر بیسز پر 7ستمبر یوم شہداء کے طور پر ...

  

 اسلام آباد (این این آئی) پاک فضائیہ نے ملک بھر میں اپنے تمام ائیر بیسز پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا، دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کیلئے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق 7 ستمبر کی مرکزی تقریب ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ رقم ہے۔ وطن کے بہادر سپوتوں نے ہمیشہ قوم کی پکار پر لبیک کہا اور 1948، 1965 اور 1971 کی جنگوں، آپریشن سینٹینل اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران اپنے خون سے عظیم داستانیں رقم کیں۔ پاک فضائیہ نے آباء و اجداد کی عظیم روایات کے بدولت ترقی کی ہے اور ہم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے خلائی، الیکٹرانک وار فیئر، سائبر، مخصوص ٹیکنالوجیز اور قومی دفاعی صلاحیت میں ترقی کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ سیلاب کے دوران امدادی کاروائیوں اور ریسکیو کے عمل میں پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ اس موقع پر ہم اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور حقِ خود ارادیت کے حصول کی خاطر اْن کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ائیر چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

پاک فضائیہ

مزید :

صفحہ آخر -