مہنگائی کا طوفان بے شرم حکمرانوں کیلئے در س عبرت بنے گا: شیخ رشید 

مہنگائی کا طوفان بے شرم حکمرانوں کیلئے در س عبرت بنے گا: شیخ رشید 

  

  

  اسلام آباد(آئی ا ین پی)  عوامی مسلم  لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی قرضے 50 ہزار ارب سے بڑھ گئے ہیں لیکن ساری سیاست اہل کو نااہل اور نااہل کو اہل بنانے کیلئے ہورہی ہے۔ بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ایک دن میں عمران خان کیخلاف12پریس کانفرنسیں بیوقوف حکومت ہی کرسکتی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومتی قرضے50 ہزار ارب سے بڑھ گئے ہیں، بجلی، پیٹرول اور آٹے کی قیمت آسمان پر چلی گئی ہے لیکن ساری سیاست اہل کو نااہل اور نااہل کو اہل بنانے کیلئے ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک کے وزیراعظم کوعدالت میں آواز پڑے گی کہ ملزم حاضر ہو۔ سابق وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت کی یوٹیوب پر بندش، نشریاتی اداروں پر سینسر اور پابندی، صحافیوں کی جبری برطرفی اور جلاوطنی، بیگناہ ورکروں پر جھوٹے مقدمے اور عمران خان پر دہشت گردی کا مقدمہ اور اداروں سے لڑوانے کی سازش، کارخانوں کی بندش، مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان بے شرم حکمرانوں کیلئے درس عبرت بنے گا اور یہ عوام سے منہ چھپاتے پھریں گے۔

شیخ رشید 

مزید :

صفحہ آخر -