عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں توسیع
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دفعہ 144 کے مقدمے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، اسد عمر،اسد قیصراور فیصل واڈا کی ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخوست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 27 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواست ضمانتوں پرسماعت کی، دوران سماعت عمران خان، اسد قیصر اورفیصل واوڈا کے وکلاء نے آج حاضری سے استثنا کی درخواست دی۔جج نے استفسار کیا کہ باقی ملزمان شہریار آفریدی، راجہ خرم، علی نواز اورفیصل جاوید کہاں ہیں؟ جس پر عمران خان کے وکیل بابراعوان نے مؤقف اپنایا کہ مقدمہ اور دلائل ایک جیسے ہی ہونگے۔ جج نے مقدمہ کے ریکارڈ سے متعلق پوچھا تو تفتیشی افسر نے بتایا کہ ریکارڈ بھی موجود ہے اور تفتیش بھی مکمل ہے۔وکیل بابراعوان نے مزید کہا کہ عمران خان 9 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہو رہے ہیں، تھانہ آبپارہ میں درج مقدمہ میں دفعات قابل ضمانت ہیں، عمران خان کیخلاف یہ 21 واں مقدمہ ہے جس میں ضمانت لے رہے ہیں بابراعوان نے کہا کہ اسد عمر اور سینیٹر سیف اللہ نیازی اس وقت اسلام آباد میں نہیں تھے، جج نے تفتیشی سے کہا کہ دیکھ لیں کوئی شامل نہیں تھا اس کو مقدمہ سے فارغ کریں، عدالت نے تمام ملزمان کی ضمانتوں میں 27 ستمبرتک توسیع کردی۔
دفعہ 144کیس