طلائی زیورات کی مقدار کم کریں، ایف آئی آر درج کردونگا، ایس ایچ او سٹی مریدکے کی مدعی کو پیشکش 

طلائی زیورات کی مقدار کم کریں، ایف آئی آر درج کردونگا، ایس ایچ او سٹی مریدکے ...

  

شیخوپورہ (بیورورپورٹ) پنجاب حکومت کے تھانہ کلچر کی تبدیلی کے اقدامات بے سود، پولیس نے روش بدلی نہ ہی روایتی تھانہ کلچر میں کوئی تبدیلی آسکی، پولیس نے شہریوں کو ڈکیتوں،منشیات فروشوں سمیت دیگر جرائم پیشہ افرادکے رحم وکرم پر چھوڑدیا۔دوسری جانب پولیس ملزمان کی گرفتاریوں سے توقاصرہے ہی اب تو جرائم کی شرح میں کمی کا نیا فارمولہ بھی مارکیٹ میں نکال دیا ہے کہ کسی بھی جرم کی ایف آئی آر ہی درج نہ کی جائے یاپھر اتنی بھاری رشوت مانگی جائے کہ انصاف کی فراہمی عام غریب آدمی کی پہنچ سے کوسوں دور ہوجائے۔شہریوں کے مطابق تھانہ سٹی مریدکے پولیس ملزمان کی گرفتاریوں سے قاصر،مقدمات کو نمٹانے سے گریزاں اور رشوت لئے بغیر کوئی کام کرنے کو تیار نہیں،پولیس ملازمین جرائم پیشہ افراد کی گرفتاریوں کی بجائے انکی مجرمانہ سرگرمیوں کی سرپرستی کرنے لگی۔ڈی پی او شیخوپورہ سمیت اعلیٰ حکام بھی تھانہ سٹی مریدکے پولیس کے سامنے بے بس،ایس یچ او سمیت دیگر ملازمین کا قبلہ درست کرنے کیلئے کوئی اقدام نہ اٹھاسکے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ تھانہ سٹی مریدکے میں فرض شناس،ایمانداراور کرائم فائٹر ایس ایچ او سمیت دیگر ملازمین کی تعیناتیاں یقینی بنائیں تاکہ تھانہ کلچر میں تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ مریدکے کی صحافی برادری نے گزشتہ روزبھی احمد پورہ میں سینئر صحافی ذوالفقار علی کے گھر ہونیوالی ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج نہ ہونے اور ملزمان کی عدم گرفتاری پرشدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ سٹی مریدکے پولیس مقدمہ کا فوری اندراج یقینی بنائے اور ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹے گئے لاکھوں روپے کے زیورات اور نقدی برآمد کروائے۔ دوسری جانب جب اس بارے میں ایس ایچ اوتھانہ سٹی مریدکے شاہ زمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ مدعی اپنی درخواست میں طلائی زیورات سے متعلق اصل حقائق کو تبدیل کرکے ان میں کمی کرلے توایف آئی آر رجسٹر کرنے کی یقین دہانی کراتاہوں۔

تھانہ سٹی مریدکے

مزید :

صفحہ آخر -