اوور سیز پاکستانیوں نے یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا،وقار باجوہ

اوور سیز پاکستانیوں نے یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا،وقار باجوہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(پ ر)انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ یورپ کے صدر وقاراحمدباجوہ نے کہا ہے کہ فرانس سمیت یورپ بھر میں اوورسیز پاکستانیوں نے 57واں یوم دفاع جوش وجذبہ اور تجدیدعہد وفا کے ساتھ منایا۔ آج بھی پاکستانیوں میں 6 ستمبر1965ء والے صادق جذبے زندہ ہیں، فطری دشمن بھارت کو ایٹمی پاکستان کیخلاف جارحیت سے قبل ہزار بار سوچنا ہو گا۔سیاسی تفرقات اورتنازعات کے باوجود پاکستان کی عوام نے سیلاب زدگان کوتنہا نہیں چھوڑا۔


اللہ تعالیٰ کی پاک بارگاہ میں 22کروڑپاکستانیوں کے ہاتھ شہداء کے درجات کی بلندی اورسیلاب زدگان کی بحالی کیلئے دراز ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں نے بھی بانیان پاکستان،شہداء پاکستان اورمادروطن پاکستان کیلئے خصوصی دعا ئیہ تقریبات کااہتمام کیا۔افواج پاکستان کے جانبازوں نے دشمن کی سپاہ کوپسپا ئی پرمجبورکرتے ہوئے کامیابی وکامرانی کی جو تاریخ رقم کی اسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں مٹاسکتی۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ فرانس کے زیراہتمام یو م دفاع کے سلسلہ میں ایک پروقار دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وقار احمدباجوہ نے مزید کہا کہ دفاع پاکستان کیلئے دفاعی اداروں اوراہلکاروں کی بینظیر قربانیوں کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔ افواج پاکستان کیخلاف منفی جملے ریاست پاکستان پرمجرمانہ حملے کے مترادف ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی بدترین سیاسی غلطیوں کے نتیجہ میں اقتدار سے محروم ہونیوالے شخص کوریاستی اداروں پرانگلیاں اٹھانے کاکوئی حق نہیں پہنچتا۔ سیاستدان ایک دوسرے پرکیچڑاچھالنا بندکریں یانہ کریں لیکن ان کی طرف سے ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،کپتان جوش میں ہوش کادامن نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ اقدار بلڈوزکرنیوالے یقینا اقتدار کے مستحق نہیں ہوسکتے،یہ سیاسی مہم جوئی یاتصادم نہیں بلکہ مصیبت زدہ ہم وطنوں کی انتھک خدمت کاوقت ہے۔