گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے آخری مرحلے کا آغاز

  گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے آخری مرحلے کا آغاز

  

پاکپتن(کامرس ڈیسک)گوشت کی پیداوار میں اضافے کے لیے پنجاب حکومت کے چوتھے اور آخری مرحلے کا آغاز  ہو گیا ہے جس کے تحت حکومت پنجاب کی جاری کردہ ھدایات کی روشنی میں کٹا بچاؤ اور کٹا فربہ پروگرام کے لئے فارمرز سے درخواستیں مطلوب ہیں۔  درخواست فارم  قریبی شفاخانہ حیوانات سے مفت حاصل کیے جا سکتے ہیں جن کی جانچ پڑتال کے بعد میرٹ پر آنے والے فارمز کے کٹے رجسٹرڈ کئے جائیں گے۔  یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک پاکپتن ڈاکٹر سلیم انجم نے ڈپٹی ڈائریکٹرز لائیوسٹاک اور ویٹرنری آفیسرز کی ماہانہ میٹنگ کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ کٹا بچاؤ اور کٹا فربہ سکیم کے ذریعے محکمہ لائیو سٹاک گوشت کی پیداوار بڑھانے اور کسان کی معاشی خوشحالی کے لیے سرگرم ہے۔ سکیم کا بنیادی مقصد کم عمر میں کٹڑوں کو ذبح ہونے سے بچانا اور سائنسی بنیادوں پر کٹڑوں کو فربہ کر کے گوشت کی پیداوار بڑھانا ہے۔ کٹا بچاو پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کیے گئے کامیاب فارمرز کو 6500 روپے اور کٹا فربہ پروگرام کے تحت 4000 روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے  ویٹنری افسران کو ہدایت کی کہ ہر گاؤں میں اعلانات کروائے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ فارمرز اس سکیم سے مستفید ہو سکیں۔

مزید :

کامرس -