عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہونا چاہیے،حسن مرتضیٰ
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کے معیار زندگی میں اضافہ ہونا چاہیے،یہ حکومت مہنگائی ختم کر کے غریب کو سہارا دینے آئی تھی۔اپنے ایک بیان میں حسن مرتضیٰ نے کہا کہ بجلی اور پٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہرگز قابلِ قبول نہیں ہوگا،انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے مہنگائی کو آؤٹ آف کنٹرول کردیا ہے،ملک کا ایک تہائی حصہ پانی کے نیچے ہے، 35 ملین لوگ پریشانی کا شکار ہیں،انکا کہنا تھا کہ تیل، بجلی کے بعد اب آٹے، دال اور سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
،حکومت سبزیوں، پھلوں، اجناس اور بجلی کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کو کنٹرول کرے،حسن مرتضیٰ نے کہا کہ کسان کو ریلیف دے کر اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے،حکومت پیٹرول، گیس، بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کی طرف توجہ دے اور آئی ایم ایف پر انحصار ختم کرنے کیلیے قابل عمل پالیسی تشکیل دے۔قوم نے اپنی حیثیت اور بساط سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اب اشرافیہ کی باری ہے۔حسن مرتضٰی نے مزید کہا کہ حکومت کو مشورہ ہے کہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کرے،حکومت جتنا اچھا کام خارجی محاذ پر کر رہی ہے اسے اتنے ہے اچھے کام کی اندرونی محاذ پر ضرورت ہے۔