الخدمت نے سیلاب متاثرین کے لئے فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا

  الخدمت نے سیلاب متاثرین کے لئے فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(پ ر)سکھر میں سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے دریائے سندھ کے کنارے ٹینٹ سٹی میں فیلڈ ہسپتال قائم کیا گیا ہے جہاں مریضوں کو بڑی تعداد میں مفت طبی سہولیات فراہم کیا جارہی ہیں۔ اسکن اسپیشلسٹ، گائنا کالوجسٹ  اور جنرل فزیشنز کی زیرِ نگرانی اس فیلڈ ہسپتال میں روزانہ کم و بیش 6سو مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں الخدمت فاؤنڈیشن کی صحت کے حوالے سے جاری خدمات بارے تفصیلات بتاتے ہوئے چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ اس وقت ملک بھرمیں 230 میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاچکا ہے جس سے کم و بیش 65 ہزار افراد مستفید ہوئے ہیں۔ یہ کیمپس سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے اضلاع میں منعقد کئے گئے ہیں۔الخدمت کے ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکارکشتیوں اورایمبولینسزکے ذریعے دوردراز متاثرہ علاقوں میں پہنچ کر خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

 اس وقت متاثرہ علاقوں میں ڈائریا، گیسٹرو اور جلدی امراض کے مریض کثیر تعداد میں آرہے ہیں جبکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ملیریا اور ڈینگی کے مریضوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ان علاقوں میں اس وقت ساڑھے6 لاکھ حاملہ خواتین موجود ہیں جنھیں زچہ و بچہ کی سہولیات کی اشد ضرورت ہے اور یہ ضرورت اگلے 3 سے 6 ماہ اسی طرح برقرار رہے گی۔ اس صورت حال کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن سکھر فیلڈ ہسپتال کے ساتھ گائنی فیلڈ ہسپتال کا بھی آغاز کرنے جارہی ہے جہاں محفوظ زچگی کے لئے تمام تر سہولیات میسر ہوں گی۔اس وقت الخدمت ادویات اور طبی آلات کی صورت میں عطیات وصول کررہی ہے جو کہ مستعدی کے ساتھ متاثرہ علاقوں تک پہنچائے جارہے ہیں۔ الخدمت اگلے ایک ماہ میں 6 موبائل ہیلتھ یونٹس بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچائے گی جن کی مدد سے دور دراز علاقوں تک بہترین اور معیاری طبی سہولیات پہنچائی جاسکیں گی۔