چائنہ ونڈو میں چینی ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا، ڈی جی عابد وزیر

چائنہ ونڈو میں چینی ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا، ڈی جی عابد وزیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       پشاور (سٹی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت پشاور میں ہمسایہ ملک چین سے دوستی، اس کی ثقافت کی رونمائی اور آگاہی کی بہترین مثال چائنہ ونڈو ہے جہاں نہ صرف دونوں ممالک کی دوستی، ثقافت کوبہترین انداز میں بتایا جاتا ہے بلکہ ساتھ ساتھ صوبے کی نوجوان نسل کو چینی زبان بھی سیکھائی جا رہی ہے۔نشترہال پشاور میں بھی جلد چائنہ ونڈو کی طرز کا سنٹر بنا رہے ہیں جہاں خیبرپختونخوا کی مکمل ثقافت ایک جگہ دیکھنے کو ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عابد خان وزیرنے پشاور میں قائم چینی ثقافتی اوراطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔اس موقع پر چائنہ ونڈو کے بارے میں انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ڈی جی کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عابد خان وزیرنے کہاکہ پشاور میں چائنہ ونڈو کے اس چھوٹے سے سیٹ اپ میں چین کی ثقافت اور تاریخ کو بہترین انداز میں پیش کیا گیا ہے۔یہاں چینی زبان سیکھانے سے نہ صرف آنے والی نسل کو مستقبل میں فائدہ ہو گا بلکہ چینی سیاحوں کے پاکستان اور خصوصاًپشاور دورے کے موقع پر یہ طالب علم انہیں بہترین انداز میں سیاحتی مقامات، صوبے کی ثقافت اور دیگر معلومات باآسانی بتا سکیں گے۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کو چین کی ثقافت، تاریخ اور ان کی دنیا میں تیز ترین ترقی کے سفر سمیت ان کی ثقافت کے بارے میں تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک چین اپنے نئے سال کی تقریبات ماہ فروری میں منعقد کرتا ہے تو اگلے سال بھی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کی ثقافت کے فروغ اور ثقافتی پروگرام تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک معاشی ترقی کیساتھ ساتھ ثقافتی ترقی کے میدان میں بھی آگے بڑھیں۔