پی پی نے این اے 246لیاری کے ضمنی انتخاب کیلئے مہم تیز کردی

پی پی نے این اے 246لیاری کے ضمنی انتخاب کیلئے مہم تیز کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی نے این اے 246  لیاری کے  ضمنی انتخاب کے لئے مہم تیز کردی ہے۔بدھ کو پیپلزپارٹی سندھ کے صدر سنیٹرنثار کھوڑو کی صدارت میں لیاری کی یوسیز کے پارٹی کے نامزد چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلز کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں جنرل سیکرٹری سندھ وقار مہدی، خلیل ہوت، نعمان شیخ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت  کی۔اجلاس میں لیاری ضمنی انتخاب کے لئے گھر گھر رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔اس موقع پر نثارکھوڑونے کہاکہ لیاری پیپلز پارٹی کا گڑھ تھا اور رہے گا۔لیاری کی عوام ملک کو عدم استحکام کی طرف کے جانے والے جھوٹے شخص عمران خان کو شکست دے کر جیالے نبیل گبول کو کامیاب کرے گی۔پیپلز پارٹی لیاری سے اپنی چھینی گئی نشست دربارہ حاصل کرلے گی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کا ایجنڈا  صرف اقتدار ہے۔اقتدار کے حصول کے لئے عمران خان اداروں کے خلاف بات کرکے ملکی سالمیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہاکہ اقتدار سے نکالے جانے کی بے عزتی عمران خان کے اعصاب پر سوار ہو چکی ہے۔عمران خان کچھ بھی کرلیں انتخابات وقت پر ہی ہونگے۔پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نے کہاکہ دوسروں کے لئے چوری اور کرپشن کا راگ آلاپنے والے عمران خان پہلے فارن فنڈنگ کیس میں اپنی چوری کا جواب اور حساب دیں؟۔اب پی ٹی آئی کے جلسوں میں عمران خان کی جھوٹے بیانیئے والی تقریر بھی کوئی سننے کو تیار نہیں۔عمران خان غرور میں انتہا تک پہنچ کر تنہائی کا شکار ہوکر رہ جائیں گے۔اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقارمہدی نے کہاکہ آدھا ملک سیلاب کی زد میں ہے اور عمران خان جلسے جلسہ کھیل رہے ہیں۔اپنے دور حکومت میں سندھ کو حقوق سے محروم رکھنے والے عمران خان اب لیاری ملیر سے جیالوں کو چیلنج کر رہے ہیں۔جیالے کراچی کے ضمنی انتخاب میں عمران خان کو دن میں تارے دکھادیں گے۔