پی ٹی آئی پشاور جلسہ فلاپ شو  ثابت ہوا‘ ارباب فاروق 

پی ٹی آئی پشاور جلسہ فلاپ شو  ثابت ہوا‘ ارباب فاروق 

  

پشاور (سٹی رپورٹر)جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما و سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ارباب فاروق جان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا پشاور جلسہ فلاپ شو ثابت ہوا اس وقت صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام حالیہ سیلاب کی وجہ سے دربدر ہیں جبکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سیاست سیاست کھیل رہے ہیں جن کے ہاتھ کچھ نہیں آنیوالا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پارٹی چیئرمین کے جلسے میں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا اس کے باوجود جلسہ ناکامی سے دو چار ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ بیت النصر میں جماعت کے کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سرکاری وسائل کے استعمال کا نوٹس لیکر چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کرے وہ صوبائی حکومت کے ذریعے الیکشن پر اثر انداز ہو رہے ہیں جس سے عوام اور سیاسی جماعتوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی جانب سے موجودہ صورتحال میں اداروں پر حملہ آور ہونا افسوسناک ہے وزارت عظمی جیسے اہم منصب پر رہنے کے باوجود اداروں کو دھمکیاں دینا اور معتبر اداروں میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت عظمی سے ہٹائے جانے کے بعد عمران نیازی مکمل طور پر ہواس باختہ ہو چکے ہیں اور آئے روز اوٹ پٹانگ بیانات دے کر ملک کی بد نامی کا باعث بن رہے ہیں۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -