وزیراعظم کے ریلیف پیکج سے کے ای 18 لاکھ اہل صارفین مستفید ہوئے

وزیراعظم کے ریلیف پیکج سے کے ای 18 لاکھ اہل صارفین مستفید ہوئے

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم کی جانب سے ماہ جون کے لیے اعلان کردہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) ریلیف پیکیج سے کراچی اور ملحقہ علاقوں میں کے الیکٹرک (کے ای) سروس ایریا کے 18 لاکھ اہل صارفین مستفید ہورہے ہیں،  اور اگست کے ترمیم شدہ بل ان کی رہائش گاہوں پر توسیع شدہ مقررہ تاریخوں کے ساتھ پہنچائے جارہے ہیں۔حکومت کی جانب سے ایف سی اے ریلیف پیکیج کا اعلان دو حصوں میں کیا گیا۔ پہلے حصے میں جون میں 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے نان ٹی او یو (non TOU)  رہائشی صارفین کے لیے ریلیف کا اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں حکومت پاکستان نے اس ریلیف کو 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین تک بڑھادیا۔ اگست کے نظرثانی شدہ بل کے - الیکٹرک کے  صارفین کو ان کی رہائش گاہوں پر پہنچائے جارہے ہیں۔وہ  تمام  اہل صارفین جو اگست کے غیر ترمیم شدہ بل پہلے ہی ادا کر چکے ہیں، انہیں ستمبر کے مہینے میں نظرثانی شدہ بل وصول ہوں گے۔اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کے- الیکٹرک کے ترجمان نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے اعلان کے مطابق اہل صارفین کو فائدہ پہنچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات  کررہے ہیں۔ ریلیف پیکیج کے اعلان کے بعد ہمارے کسٹمر کیئر سینٹرز صارفین کی سہولت کے لیے دیر تک کھلے رہے- ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی صارفین کی سہولت کیلئے سینٹرز کھلے رہے۔ اب ہم صارفین کی سہولت کے لیے بل ان کی رہائش گاہوں پر پہنچا رہے ہیں، تاکہ انہیں ہمارے کسٹمرز کیئر سینٹرز آنے کی زحمت نہ ہو۔ صارفین اپنے بلز کے ای واٹس اَیپ سروس، کے ای لائیو اَیپ اور کمپنی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -