پشاور جلسہ پی ٹی آئی نہیں صوبائی حکومت کا شو تھا: غلام بلور

پشاور جلسہ پی ٹی آئی نہیں صوبائی حکومت کا شو تھا: غلام بلور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


      پشاور (سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور این اے31سے اتحادی جماعتوں کے متفقہ امیدوار حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا پشاور جلسہ درحقیقت حکومت کا جلسہ تھا اس کے باوجود عوام نے انہیں مسترد کر دیا، تمام سرکاری وسائل کے استعمال کے باوجود عوام کا لانے میں ناکام رہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلور ہاس پشاور میں اتحادی جماعتوں کے قائدین سمیت پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے نام نہاد لیڈر عمران خان کا جلسہ کامیاب کرانے کیلئے صوبے کے وسائل جھونک دیئے لیکن اس کے باوجود حکومت جلسہ گاہ میں عوام کو لانے میں ناکام رہی، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو سب کچھ سامنے نظر آ رہا ہے لیکن وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کوئی ایکشن نہیں لے رہا،انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ضمنی ا لیکشن میں یہی صورتحال رہی تو معاملات سنگین ہو سکتے ہیں، غلام احمد بلور نے کہا کہ صوبے میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر حکومت نے چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ عمران کے جلسوں کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کی جا رہی ہیں،کپتان نے جلسے کے دوران ایک بار پھر بھی سیلاب متاثرین کا ذکر نہیں کیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین سے کوئی غرض نہیں، صرف اقتدار کیلئے ہمارے صوبے کے عوام کو استعمال کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فیصل آباد اور سرگودہا میں جلسوں کے دوران جو بیانات دیئے اوہ مناسب نہیں تھے اس قسم کی گفتگو سے ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ڈویژن کی بات کر کے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام کی بساط لپیٹ کر صدارتی نظام نافذ کر دیا جائے،انہوں نے واضح کیا کہ اے این پی پارلیمانی نظام پر کوئی آنچ نہیں آنے دے گی اور ہمیشہ صدارتی نظام کی مخالفت کرے گی،غلام احمد بلور نے کہا کہ مستقبل میں سیلاب کی تباہی سے بچنے کیلئے ڈیمز بننے چاہئیں لیکن کالاباغ ڈیم اس صوبے کیلئے نقصان دہ ہے، کالاباغ ڈیم سے خیبر پختونخوا اور اس کے عوام متاثر ہوں گے، جو کئی دہائیوں قبل دفن ہو چکا ہے ایسے گڑھے مردے کو نہ اکھاڑا جائے، حاجی بلور نے کہا کہ عمران خان کے ہر جلسے میں بدتہذیبی اور بدتمیزی کا مظاہرہ کیا خصوصا مولانا فضل الرحمن کے بارے میں جس طرح کی گفتگو کی گئی وہ ہمارے صوبے کی روایات کے خلاف ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا عالم دین ہیں اور ان کا احترام سب پر لازم ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کو جن القابات سے پکارا جاتا ہے عمران خان بتائیں چار سالہ حکومت میں انہوں نے کیوں چوری ثابت نہیں کی،نیازی نے صرف الزامات کی سیاست کی ہے اور سیاستدانوں کی پگڑیاں اچھالنے کے سوا انہیں سیاست کا نہیں پتہ،انہوں نے کہا کہ عوام جان رکھیں کہ جن لوگوں نے اسے قوم و ملک پر مسلط کیا ان محسنوں کا اس نے کیا حال کیا ہے،ایک شخص اقتدار جانے کے بعد ہر محاذ پر اپنے محسنوں کو بدنام کرنے پر تلا ہوا ہے،انہوں نے خیبر پختونخوا کے عوام سے اپیل کی کہ عمران خان کی حقیقت اور اصلیت کو سمجھ لیں، اس شخص سے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی لہذا ضمنی انتخابات میں عوام اتحادی جماعتوں کے امیدواروں کو ووٹ دے کو باہر سے آئے لوگوں کی راہیں مسدود کریں۔